بھوپال 12جولائی:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ راکھی بھائی اور بہن کے درمیان باہمی پیار کا رشتہ ہے۔ یہ ایک اٹوٹ بندھن ہے جو قدیم زمانہ سے چلا آ رہا ہے۔ راکھی آئی ہے تو بھائی کے لیے بہن کو شگن دینا ضروری ہے۔ راکھی 9 اگست کو ہے۔ اس لیے راکھی سے پہلے ہماری حکومت تمام لاڈلی بہنوں کو شگن کے طور پر 250 روپے کی اضافی رقم دے گی۔ اگست کے مہینے میں ہر لاڈلی بہن کو 1500 روپے ملیں گے، ہم یہیں نہیں رکیں گے بلکہ ریاست کی ہر لاڈلی بہن کے لیے پختہ مکان بھی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ہفتہ کو اجین ضلع کے گرام پنچایت نلوہ میں دیگر اسکیموں کے تحت لاڈلی بہنوں کو مالی امداد کی تقسیم کے ریاست سطحی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کی 1.27 کروڑ لاڈلی بہنوں کے بینک کھاتوں میں 1543.16 کروڑ روپے کی امدادی رقم 26ویں قسط کے طور پر منتقل کی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت سلنڈر ری- فلنگ کے لیے 46.34 کروڑ روپے کی سبسڈی کی رقم 30 لاکھ سے زیادہ بہنوں کو اور 340 کروڑ روپے کی پنشن کی رقم 56.74 لاکھ سماجی تحفظ پنشن مستفیدین کو ان کے بینک کھاتوں میں منتقل کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست کی تمام بہنیں ہماری عزت ووقارہیں۔ ہم ان کی عزت اور فلاح وبہبود کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ دیوالی کے بعدبھائی دوج تک، ریاستی حکومت تمام لاڈلی بہنوں کے لیے امداد کی رقم 1250 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے ماہانہ کر دے گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاستی حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ لاڈلی بہنوں کو دی جانے والی اس امدادی رقم کو بتدریج بڑھا کر 3000 روپے ماہانہ کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے لاڈلی لکشمی یوجنا، لاڈلی بہانہ یوجنا، پردھان منتری ماتروندن یوجنا اور پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت مستحقین کو اسٹیج سے فوائد بھی تقسیم کئے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست سطحی فنڈ ٹرانسفر پروگرام کا افتتاح شمع روشن کر اور کنیا پوجن کرکے کیا۔ انہوں نے لاڈلی بہنوں کو پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے خوش آمدید بھی کہا۔ پروگرام میں موجود ماؤں اور بہنوں کی بڑی تعداد نے شراون کے مقدس مہینے میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو راکھی باندھی۔ بہنوں کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو ایک بڑی راکھی بھی پیش کی گئی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی رہنمائی میں ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کی مہم چل رہی ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں بہنوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ بہنوں کی عزت و آبرو کا تحفظ اور ان کے سندور کا تحفظ کرنا اور انہیں معاشی طور پر خوشحال بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم ملک کی نصف آبادی کو مکمل حقوق دینے کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ملک کی تمام بہنوں کو پکے مکان کی سوغات ملے، پی ایم آواس یوجنا کے تحت بنائے گئے 4 کروڑ سے زیادہ گھروں کو بہنوں کے نام پر رجسٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت میں بہنیں اپنے والدین اور سسرال دونوں کو نوازتی ہیں۔ بہنیں ملک کی خوش قسمتی ہیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست کی 1.27 کروڑ لاڈلی بہنوں کو رکشا بندھن کے تہوار سے پہلے 1543 کروڑ روپے کی رقم دی گئی ہے۔ راکھی سے پہلے بہنوں کو 250 روپے کابطورتحفہ الگ سے بھیجا جائے گا۔ دیوالی کے بعد بھائی دوج بھی الگ ہوگی، بہنوں کو ہر ماہ 1500روپے دیئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بہنیں اچھی طرح جانتی ہیں کہ اپنا پیسہ کیسے بچانا ہے۔ بہنوں کے ہاتھ میں پیسہ ہو تو گھر والوں اور بچوں کو اچھی زندگی ملتی ہے۔ بہنوں کی کوششوں سے ہی گھر میں خوشیاں آتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ آج ریاست کی 30لاکھ بہنوں کو اجولا گیس اسکیم کی سبسیڈی کے طور پر 46.34 کروڑ روپے بھیجے گئے ہیں۔ اسی سلسلہ میں الگ الگ6 سماجی تحفظ پنشن اسکیموں کے تحت 56.74 لاکھ سے زیادہ ضرورت مندوں کو 340 کروڑ روپے بھی دیئے گئے ہیں۔







