دبئی، 10 جولائی (یواین آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ برمنگھم میں 12 جون سے شروع ہونے والے خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 سے پہلے کارڈف سوفیا گارڈنز، ڈربی کاؤنٹی گراؤنڈ اور لافبرو یونیورسٹی میں پریکٹس میچز کھیلے جائیں گے۔یہ تینوں مقامات نے حالیہ دنوں میں خواتین کرکٹ کی اہمیت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اگلے سال انگلینڈ اور ویلز کے زیر اہتمام ٹی-20 ورلڈ کپ کے دسویں ایڈیشن سے پہلے یہ پریکٹس میچز کی میزبانی کریں گے۔ اس ٹی-20 ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی 12 ٹیموں میں سے آٹھ کا انتخاب ہو چکا ہے اور اگلے سال کے شروع میں خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ کوالیفائر کے ذریعے آخری چار ٹیموں کا فیصلہ ہوگا۔یہ 12 ٹیمیں 2026 میں انگلینڈ اور ویلز کے سات مقامات پر 24 دنوں تک 33 میچز کھیلیں گی اور ٹائٹل کے لیے اپنی دعویداری پیش کریں گی۔ آئی سی سی نے گزشتہ ماہ ٹی-20 ورلڈ کپ کے شیڈول اور گروپس کا اعلان کیا تھا۔ انگلینڈ 12 جون کو برمنگھم میں ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سری لنکا کی میزبانی کرے گا اور اس کے بعد پانچ جولائی کو لارڈز میں فائنل ہوگا۔گروپ 1 میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ ساتھ گلوبل کوالیفائر کی دو ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ 2 میں میزبان انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور گلوبل کوالیفائر کی دیگر دو ٹیمیں شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے تمام مقابلے ایجبسٹن، ہیمپشائر باؤل، ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفرڈ، دی اوول، برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ اور لارڈز میں کھیلے جائیں گے۔









