بکیت جلیل، 25 مئی (یو این آئی) اسٹار ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت کو اتوار کو ملائیشیا ماسٹرز 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آج یہاں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز فائنل میں بیڈمنٹن رینکنگ میں 65 ویں نمبر پر موجود کدامبی سری کانت کو دنیا کے چوتھے نمبر کے کھلاڑی چین کے لی شیفینگ نے 36 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں سیدھے سیٹوں میں 21-11، 21-9 سے شکست دی۔ لی شیفینگ کے خلاف پانچ میچوں میں کدامبی سری کانت کی یہ چوتھی شکست ہے۔ میچ کا آغاز ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے پہلا پوائنٹ کرنے کے ساتھ کیا لیکن شیفینگ نے پھر سری کانت پر دباؤ ڈالنا شروع کیا اور 6-3 کی اہم برتری حاصل کی۔ کھیل کے درمیانی وقفے تک عالمی نمبر چار شیفینگ نے 11-6 کی برتری حاصل کر لی۔ سری کانت نے اس کے بعد کچھ پوائنٹس حاصل کیے لیکن شیفینگ نے اسکور کو 16-9 تک لے جانے کے لیے پوائنٹ اسکور کرتے رہے۔ اس کے بعد چینی شٹلر نے سری کانت کو کوئی موقع نہیں دیا اور صرف 15 منٹ میں پہلا گیم 21-11 سے جیت لیا۔ چینی شٹلر نے دوسرے سیٹ میں سری کانت پر حاوی ہوکر 21-9 سے کامیابی حاصل کی اور ملائیشیا ماسٹرز کا خطاب جیت لیا۔