لکھنو24مئی: گزشتہ بدھ (21 مئی) کو آئے آندھی طوفان نے متھرا میں زبردست تباہی مچائی تھی، جس کا سب سے زیادہ اثر بجلی نظام پر پڑا ہے۔ 25 منٹ کے طوفان نے ضلع بھر میں 700 سے زیادہ بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیئے تھے۔ اس آندھی طوفان کے بعد 24 گھنٹے میں شہری علاقے کی بجلی سپلائی تو شروع ہو گئی لیکن دیہی علاقوں میں حالات اب تک معمول پر نہیں آئے ہیں۔ بدھ کی شب 9:30 بجے آئے گردابی طوفان نے شہر سے لے کر دیہات تک جم کر تباہی مچائی تھی۔ بجلی کے 700 کھمبے، 3 درجن ٹرانسفرمر تباہ ہو گئے تھے۔ کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے تھے اور سڑکوں پر لگے اشتہار کے یونیپول بھی منہدم ہو گئے تھے۔ شہر میں سونکھ اڈے سے ایس بی آئی چوراہے جانے والی سڑک پر یونیپول آندھی میں ٹوٹ گیا۔ اس کی زد میں آکر بجلی کے چار کھمبے اور لائنیں بھی ٹوٹ گئیں۔ کچھ منٹوں میں پورے ضلع میں تاریکی چھا گئی۔ یہ تاریکی ایسی تھی کہ شہر کے کچھ علاقے چھوڑ کر سبھی جگہ ’بلیک آؤٹ‘ ہو گیا۔