گوالیار، 24 مئی (یواین آئی) مدھیہ پردیش لیگ ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے لیے آئی پی ایل جیسے بڑے پلیٹ فارم تک پہنچنے کا ذریعہ بنتی جا رہی ہے، جس کی تازہ مثال مادھو تیواری، انیکیت ورما اور شیوم شکلا کے طور پر انڈین پریمیئر لیگ 2025 کے ایڈیشن میں دیکھی جا سکتی ہے۔انیکیت ورما نے آئی پی ایل 2025 میں نوجوان کھلاڑیوں میں سب سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے مدھیہ پردیش پریمیئر لیگ (ایم پی ایل) میں بھوپال لیپرڈز کے لیے صرف 41 گیندوں پر 123 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس کی وجہ سے انہیں سن رائزرس حیدرآباد نے اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔ 30 لاکھ روپے کی بیس پرائس پر خریدے گئے انیکیت ورما نے حیدرآباد کے لیے اس سیزن میں 12 میچ کھیلے ہیں اور 155.91 کے اسٹرائیک ریٹ سے سب سے زیادہ 74 رنز بناتے ہوئے کل 198 رنز بنائے ہیں۔ جارحانہ بلے بازی اور صاف ستھری ہٹنگ کے لیے معروف انیکیت نے اس کارکردگی کے دوران 16 چھکے لگائے اور 5 کیچ بھی پکڑے۔ فی الحال وہ “ایمرجنگ پلئیر آف دی سیزن” ایوارڈ کی دوڑ میں بھی شامل ہیں۔
مادھو تیواری ایک طاقتور میڈیم پیسر اور نچلے آرڈر میں مفید بلے باز ہیں۔ انہیں دہلی کیپٹلز نے آئی پی ایل 2025 کے میگا نیلامی میں 40 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ اگرچہ وہ سیزن کے آغاز میں پلئینگ الیون کا حصہ نہیں بنے، لیکن آخری مرحلے میں ویپراج نگم کی جگہ انہیں موقع ملا۔ بھوپال لیپرڈز کی طرف سے مدھیہ پردیش لیگ میں آل راؤنڈ کارکردگی کی وجہ سے انہوں نے دہلی کیپٹلز کے اسکاؤٹس کی توجہ حاصل کی۔ 21 سالہ مادھو اس سے پہلے مدھیہ پردیش کی ایج گروپ کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں۔وہیں تیسرے کھلاڑی شیوم شکلا بھی مدھیہ پردیش سے ہیں۔ انہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے روومین پاول کی جگہ متبادل کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا۔ اگرچہ کولکتہ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکا تھا، لیکن یہ قدم شیوم کی صلاحیت میں ٹیم کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ شیوم شکلا نے مدھیہ پردیش لیگ میں اپنی شاندار گیند بازی سے سب کی توجہ حاصل کی تھی، بلکہ گھریلو سرکٹ میں انہیں مسٹری اسپنر” کا خطاب بھی دیا جانے لگا ہے۔ انہوں نے ایم پی ایل 2024 میں ریوا جگوارز کی طرف سے کھیلتے ہوئے پرپل کیپ جیتی تھی۔اب جب مدھیہ پردیش لیگ 2025 میں سات مردوں کی ٹیموں کے ساتھ پہلی بار ویمنز مقابلہ بھی شروع ہو رہا ہے، تو یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہاں اچھی کارکردگی دکھا کر خواتین کھلاڑی بھی بڑے پلیٹ فارم کی طرف دیکھ سکتی ہیں۔12 جون سے گوالیار میں شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ گوالیار ڈویژن کرکٹ ایسوسی ایشن (جی ڈی سی اے) کے زیر اہتمام مدھیہ پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ٹیم کی جرسی کی نقاب کشائی کی تقریب 27 مئی کو گوالیار میں ہوگی۔
سبلنکا فرنچ اوپن مہم کا آغاز کمیلا رکھیمووا کے خلاف میچ سے کریں گی
پیرس، 24 مئی (یواین آئی) عالمی نمبر ایک کھلاڑی آریانا سبالنکا اتوار کے روز فرنچ اوپن کے خواتین کے سنگلز میں روس کی کمیلا رکھیمووا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔سبلنکا کو ڈرا کے اسی حصے میں رکھا گیا ہے، جس میں پانچویں سیڈیافتہ پولش کھلاڑی ایگا سویاٹیک ہیں۔
27 سالہ بیلاروسی کھلاڑی نے میامی اور میڈرڈ میں دو ڈبلیو ٹی اے 1000 ٹائٹل جیتے ہیں، ساتھ ہی آسٹریلین اوپن، انڈین ویلز اور اسٹٹگارٹ میں تین دیگر فائنلز میں جگہ بنائی ہے۔اس سیزن میں کلے پر تین بار کی دفاعی چیمپئن ایگا سویاٹیک کے جدوجہد سے سبلنکا کا ہاتھ مضبوط ہوا ہے۔ سبلنکا نے کہا، “یہ جانتے ہوئے کہ کوئی میرا پیچھا کر رہا ہے یا میری پیٹھ پر نشانہ لگا رہا ہے، مجھے یہ اچھا لگتا ہے۔ میں اسے ایک چیلنج کے طور پر لیتی ہوں۔ دیکھتے ہیں کہ کون دباؤ کے لمحات کے لیے تیار ہے۔”
سبلنکا گزشتہ سال کوارٹر فائنل میں روسی نوعمر میرا اینڈریوا سے پیٹ میں درد کے باعث ہار گئی تھیں۔ سبلنکا نے جمعہ کے روز مزاحیہ انداز میں کہا، “میں یقینی طور پر اس میچ سے پہلے ویسا کھانا نہیں کھاؤں گی۔ سبق سیکھ لیا ہے۔”









