جے پور، 24 مئی (یو این آئی) آئی پی ایل میں آج کھیلے گئے میچ میں پنجاب کنگس نے دہلی کیپٹلس کو میچ جیتنے کے لئے 207رن کاہدف دیا، جس کے جواب میں دہلی کپیلٹس نے خبرلکھے جانے تک 12اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر114رن بنالئے تھے۔ قبل ازیں جوش انگلیس (32) اور شریاس ائیر (53) کی تیز اننگز کے بعد مارکس اسٹونیس (ناٹ آؤٹ 44) کی دھماکہ خیز انداز کی بدولت پنجاب کنگز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 66ویں میچ میں دہلی کیپٹلس کے خلاف آٹھ وکٹ پر 206 رنز بنائے۔ سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ان فارم بلے باز پریانش آریہ (6) کو جلد کھونے کے بعد پربھسمرن سنگھ (28) کے ساتھ انگلس نے رن ریٹ کو تیز کرتے ہوئے 5.2 اوورز میں 55 رنز جوڑلئے۔ اس دوران وپراج نگم نے پہلے انگلس اور اگلے اوور میں پربھسمرن کو آؤٹ کرکے پنجاب کی رفتار کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، کپتان شریاس ایئر نے ایک سرے پر ٹک کر اسکور بورڈ کو چلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ مڈل آرڈر میں، نہال بدیرا (16) اور ششانک سنگھ (11) اپنی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کرنے میں ناکام رہے۔دوسری جانب نئے بلے باز مارکس اسٹونیس نے کریز پر آتے ہی چوکے اور چھکوں کی بارش کردی۔ دہلی کے گیند باز ان کے جارحانہ انداز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ اس دوران کلدیپ یادو نے 18ویں اوور میں شریاس ائیر کے طورپر قیمتی وکٹ کے علاوہ عظمت اللہ عمرزئی کو صرف ایک رن پر آؤٹ کرکے پنجاب کی امیدوں پر پانی پھیرنے کی کوشش کی۔ اپنی نصف سنچری اننگز کے دوران ائیر نے 34 گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد اسٹونیس نے گیئرز بدلتے ہوئے موہت کمار کے 19ویں اوور میں چوکے اور چھکے لگا کر 22 رنز بنائے۔ آخری اوور میں، ہرپریت برار نے پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کے اسکور کو 200 کے پارپہنچا دیا اور پنجاب دہلی کے لیے ایک چیلنجنگ ہدف رکھنے میں کامیاب رہی۔ دہلی کی جانب سے مستفیض الرحمان نے سب سے زیادہ تین وکٹ اپنے نام کئے جبکہ کلدیپ یادو اور وپراج نگم نے دو دو وکٹ جھٹکے۔