چٹگاوں، 29 اپریل (یو این آئی) شادمان اسلام (120)، مشفق الرحیم (40) اور انعام الحق (39) کی شاندار اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پہلے بلے بازی کرتے ہوئے زمبابوے کو 227 رن پر سمیٹنے کے بعد منگل کو اسٹمپ تک سات وکٹ پر 291 رن بناکر 64 رن کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ بنگلہ دیش کے اوپنرز شادمان اسلام اور انعام الحق نے پہلی وکٹ کے لیے 118 رن بنا کر اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ بلیسنگ مجاربانی نے 32ویں اوور میں انعام الحق (39) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد مومن الحق بیٹنگ کے لیے آئے اور شادمان کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 54ویں اوور میں ویلنگٹن مساکدزا نے مومن الحق (33) کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب شادمان اسلام (120) کو برائن بینیٹ نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ کپتان نظم الشانتو 23 اور مشفق الرحیم 40 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ نعیم حسن (تین) کی صورت میں گری۔ اسٹمپ کے وقت تک بنگلہ دیش نے 7 وکٹ پر 291 رن بنا لئے اور اپنی پہلی اننگز کی بنیاد پر زمبابوے پر 64 رن کی برتری حاصل کی۔ مہدی حسن میراز (16 ناٹ آؤٹ) اور تیج الاسلام (5 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود ہیں۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مجاربانی، ویلنگٹن مساکدزا اور برائن بینیٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ ونسنٹ ماسیکیسا نے تین وکٹ حاصل کئے۔ اس سے قبل زمبابوے نے کل کے اسکور 225 رن نو وکٹ اے دوبارہ اننگز شروع کی۔ زمبابوے نے آج اپنے اسکور میں صرف دو رن کا اضافہ کیا تھا کہ تیج الاسلام نے بلیسنگ مجاربانی کو وکٹ کیپر ذاکر علی کے ہاتھوں کیچ کراکر اس کی اننگز 227 رن پر ختم کردی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 27.1 اووروں میں 60 رن دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ نعیم حسن نے 20 اوور میں 42 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ تنظیم حسن ثاقب نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے نک ویلچ (54) اور شان ولیمس (67) نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ٹیسگا (18) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔