کولکتہ، 20 جنوری (یو این آئی) لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے پیر کو ہندوستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔ ایل ایس جی نے آج کولکتہ میں رشبھ پنت کو ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ یہ دوسرا موقع ہے جب پنت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ پنت اس سے قبل 2021، 2022 اور 2024 کے سیزن میں دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کے کپتان رہ چکے ہیں۔ اس موقع پر پنت نے کہاکہ میں خاص طور پر سنجیو گوئنکا سر (ٹیم کے مالک) اور پوری انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ میں اپنا 200 فیصد دوں گا۔ انہوں نے مجھ پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے اس پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔ یہ ایک نئی شروعات ہے۔ امید ہے کہ ہم نئے سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ میں اپنی اس نئی ٹیم سے بہت خوش ہوں۔ ہماری ٹیم میں نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا اچھا توازن ہے۔ اب ہمیں سوچنا ہے کہ اس فرنچائز کو نئی بلندیوں تک کیسے پہنچایا جائے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ ایک نئی شروعات ہے، ایک نئی فرنچائز ہے۔ تاہم، میری کپتانی یا کرکٹ کھیلنے کے انداز میں زیادہ تبدیلی نہیں آئے گی۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اس میں بہت کچھ شامل ہو جائے گا۔ ٹیم کی حکمت عملی کچھ بھی ہو، وہ اسی کے مطابق آگے بڑھے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ایل ایس جی نے گزشتہ سال نومبر کی نیلامی میں پنت کو 27 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔