ممبئی، 18 جنوری (یو این آئی)کپتان روہت شرما کی قیادت میں 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان ہفتہ کو کیا گیا۔ بی سی سی آئی مینز ٹیم سلیکٹر اجیت اگرکر نے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل ہوں گے۔ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو انگلینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی اور ون ڈے میچ کے لیے ہندستانی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔ یشسوی جیسوال کو بھی چیمپیئنز ٹرافی اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وجے ہزارے ٹرافی میں اپنی بلے بازی سے کروڑوں کرکٹ شائقین کے دلوں میں جگہ بنانے والے کرون نائرہندوستانی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ رشبھ پنت انگلینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی اور ون ڈے ٹیم میں بطور وکٹ کیپر دستیاب ہوں گے۔
ان کے علاوہ اسپنر کلدیپ یادو کو انگلینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی اور ون ڈے کے لیے ٹیم میں جگہ مل گئی ہے جب کہ ہاردک پانڈیا اور رویندرا جدیجا ٹیم میں آل راؤنڈر کا کردار ادا کریں گے۔ ہفتہ کو سلیکشن سے قبل زخمی بمراہ اور کلدیپ کے بارے میں شکوک و شبہات تھے۔ کلدیپ نے نومبر میں ہرنیا کی سرجری کے بعد سے کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلا ہے جبکہ بمراہ کو بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے پانچویں ٹیسٹ کے دوران کمر کے پٹھوں میں سوزش ہوئی تھی لیکن دونوں کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی کے لیے دستیاب ہوں گے حالانکہ یہ ٹورنامنٹ فروری کے شروع میں شروع ہوگا۔ ہرشت رانا کو انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے لیکن انہیں بمراہ کے بیک اپ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ٹیم اس طرح ہے: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، شریس ایر، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، یشسوی جیسوال، رویندرا جدیجا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ، واشنگٹن سندر۔
چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے شروع ہوگی اور 9 مارچ تک کھیلی جائے گی۔ چیمپئنز ٹرافی کے میچ پاکستان کے تین شہروں کے ساتھ ساتھ دبئی میں بھی ہوں گے۔ ہندوستان اپنے میچ دبئی میں کھیلے گا۔