نئی دہلی23مئی: یونین پبلک سروس کمیشن نے آج سول سروسز امتحان کے حتمی نتائج کا اعلان کیا جس میں کل 933 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں، جن میں سے چوٹی کی چار پوزیشنیں خواتین امیدواروں نے حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ چھٹی پوزیشن پر بھی ایک خاتون امیدوار ہیں۔ ساتویں پوزیشن پر ایک مسلم امیدوار وسیم احمد بھٹ کا نام ہے، جنہوں نے مردوں میں میور ہزاریکا (میرٹ میں پانچواں مقام) کے بعد مردوں میں پہلا اور مسلم امیدواروں میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ منگل کو کمیشن کی طرف سے اعلان کردہ نتائج میں 933 امیدوار کامیاب قرار پائے جن میں سے 613 مرد اور 320 خواتین ہیں۔ ایشیتا کشور پہلے، گریما لوہیا دوسرے، اوما ہارتھی تیسرے اور اسمرتی مشرا چوتھے نمبر پر رہیں۔ سرفہرست 25 امیدواروں میں سے 14 خواتین اور 11 مرد ہیں۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی کشور نے پولیٹیکل سائنس اور بین الاقوامی تعلقات کے مضمون کے ساتھ امتحان پاس کیا۔ وہ دہلی یونیورسٹی کے شری رام کالج آف کامرس میں معاشیات کی طالبہ رہی ہیں۔ دوسرے نمبر پر رہنے والی لوہیا نے دہلی یونیورسٹی کے کروڑی مل کالج سے کامرس میں تعلیم حاصل کی ہے۔ سول سروسز کے امتحان میں ان کے مضامین کامرس اور اکاؤنٹنسی تھے۔ تیسرے نمبر پر رہنے والی ہارتھی نے آئی آئی ٹی حیدرآباد سے سول انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا ہے۔ انہوں نے سول سروسز کا امتحان اینتھروپولوجی کے ساتھ اختیاری مضمون کے طور پر پاس کیا۔ مشرا نے مرانڈا ہاؤس کالج، دہلی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور سول سروسز کے امتحان میں زولوجی کو اختیاری مضمون رہا ہے۔ سول سروسز 2022 کا ابتدائی امتحان 5 جون 2022 کو ہوا تھا جس کے لیے 11 لاکھ 35 ہزار 697 امیدواروں نے اپلائی کیا تھا لیکن 5 لاکھ 73 ہزار 735 نے امتحان دیا۔ ان میں سے 13090 امیدواروں نے ابتدائی امتحان پاس کیا۔ ان میں سے 2529 امیدواروں نے ستمبر 2022 میں منعقدہ مرکزی امتحان میں کامیابی حاصل کی جن میں سے 933 امیدواروں کو انٹرویو کے بعد کامیاب قرار دیا گیا۔ کامیاب امیدواروں میں 41 بینچ مارک معذور بھی شامل ہیں۔