نئی دہلی 24جنوری:روس اور یوکرین کے بیچ 2 سالوں سے جاری جنگ کے درمیان ایک دردناک خبر سامنے آ رہی ہے۔ یوکرین کے 65 جنگی قیدیوں کو لے جا رہا روسی فوجی طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس حادثہ میں پائلٹ سمیت سبھی 65 جنگی قیدیوں کے ہلاک ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ طیارہ حادثہ کی اطلاع روسی سرکاری نیوز ایجنسی آر آئی اے نے دی۔ اس نے روسی وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ یوکرین کے ان جنگی قیدیوں کو قیدیوں کی اَدلا بدلی معاہدہ کے تحت یوکرین لے جایا جا رہا تھا۔ حادثہ کے وقت طیارہ میں جنگی قیدیوں کے علاوہ پائلٹ ٹیم کے 6 اراکین اور 3 دیگر لوگ بھی سوار تھے۔ یعنی حادثہ میں مجموعی طور پر 74 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق جو روسی فوجی طیارہ حادثہ کا شکار ہوا ہے اس کا نام ’الیوشن آئی ایل-76‘ ہے۔ یہ ملٹری طیارہ یوکرین کی سرحد سے ملحق علاقہ بلغارود میں حادثہ کا شکار بنا۔ روسی وزارت دفاع نے فی الحال اس واقعہ کے تعلق سے مزید جانکاری دینے سے منع کر دیا ہے۔ روسی صدر پوتن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ کریملن کو حادثہ کے بارے میں پتہ ہے، لیکن اس پر ابھی مزید بات نہیں کی جا سکتی ہے۔ بہرحال، مختلف میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سبھی لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ نیوز ایجنسی ایسو سی ایٹ پریس کے حوالے سے پی ٹی آئی نے لکھا ہے کہ طیارہ میں موجود سبھی لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ حالانکہ روسی حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان طویل عرصہ سے جنگ جاری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کو 23 ماہ سے زیادہ وقت ہو گیا ہے۔