راجستھان کی بی جے پی حکومت نے ملازمین کو دیا جھٹکا او پی ایس بند، این پی ایس نافذ، گہلوت حکومت کا فیصلہ پلٹ دیا

0
6

جے پور24جنوری: کانگریس کی گہلوت حکومت کے جانے کے بعد راجستھان میں برسراقتدار آنے والی نئی بی جے پی حکومت پرانی اسکیموں کو بند کر کے عوام کو ایک کے بعد ایک جھٹکے دے رہی ہے۔ بی جے پی حکومت نے او پی ایس کو روک دیا ہے۔ حکومت نے ملازمین پر این پی ایس (نیو پنشن اسکیم) لاگو کیا ہے۔ آرڈر میں کہیں بھی او پی ایس (اولڈ پنشن اسکیم) کا ذکر نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ پرانی پنشن اسکیم راجستھان میں لاگو نہیں ہوگی۔ تاہم ریاستی حکومت او پی ایس کے بارے میں اپنا نقطہ نظر واضح کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت آج اسمبلی میں اس کا جواب دے سکتی ہے۔
بی جے پی این پی ایس کے حق میں ہے۔ 25 امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی ہے، اس میں این پی ایس کا تو ذکر ہے لیکن او پی ایس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ حال ہی میں ہوئے راجستھان اسمبلی انتخابات کے دوران سرکاری ملازمین کی پرانی پنشن اسکیم کو برقرار رکھنے کا معاملہ کافی زیر بحث رہا تھا۔ اس وقت کی گہلوت حکومت نے نئی پنشن اسکیم کی جگہ پرانی پنشن اسکیم نافذ کی تھی لیکن موجودہ بی جے پی حکومت نے نئے تعینات ہونے والے اہلکاروں کے لیے او پی ایس کے بجائے دوبارہ این پی ایس نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ دراصل، راجستھان پبلک سروس کمیشن نے اسسٹنٹ ایگریکلچرل ریسرچ آفیسر کے عہدہ کے لیے منتخب 25 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ تقرریوں کی شرائط میں معاون پنشن اسکیم کے نفاذ کا ذکر ہے۔