بھوپال، 12 اپریل (رپورٹر) راجدھانی بھوپال کے بزرگ مجاہد آزادی حبیب میاں (منجھلے ابا) جمعرات کو دار فانی سے کوچ کر گئے۔ عمر کی سنچری پوری کرچکے حبیب میاں گزشتہ دنوں تب تذکروں کا موضوع بنے جب انہوں نے اپنی عمر سے آدھی عمر کی خاتون فیروز جہاں سے نکاح کیا تھا۔ پرانے شہر کے باشندے حبیب میاں کا عین عید کے دن جمعرات کو انتقال ہوا۔ اپنے عزیز و اقارب میں وہ منجھلے ابا کے نام سے مشہور تھے۔ راجدھانی بھوپال کے چنندہ مجاہدین آزادی میں شمار حبیب میاں کی نماز جنازہ ٹی بی اسپتال سینٹر، سینٹرل لائبریری روڈ پر ادا کی گئی۔ بعدہٗ چھاؤنی واقع نتھا شاہ قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ حبیب میاں کے سفر آخر میں سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی۔ ادارہ ’’ندیم‘‘ بھی اللہ تعالیٰ سے مرحوم حبیب میاں کی مغفرت اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرنے کے لیے دعا گو ہے۔