بھوپال میں دوسرے دن بھی عید کی رونقیں

0
9

بھوپال، 12 اپریل (رپورٹر) ماہ مقدس رمضان کی تکمیل کے بعد جمعرات کو راجدھانی بھوپال سمیت پورے مدھیہ پردیش میں عید الفطر تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔ عوام نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ عید کے دوسرے دن راجدھانی بھوپال میں خوشیاں بکھری رہیں اور لوگ ایک دوسرے کے یہاں دعوتیں کھاتے اور سیر و تفریح کرتے دیکھے گئے۔
جمعرات کو راجدھانی کی عیدگاہ میں سب سے پہلے عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔ بعدہٗ تاج المساجد، موتی مسجد، جامع مسجد اور مسجد بالقیس جہاں عارف نگر سمیت متعدد بڑی مساجد میں نماز دوگانہ ادا کرکے فرزندان توحیدر نے اللہ کے روبرو شکر ادا کیا۔ عیدگاہ میں ہزاروں فرزندان توحید کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قاضی شہر مولانا سید مشتاق علی ندوی نے عید کے بعد بھی رمضان کی طرح تقویٰ اور پرہیزگاری اختیار کرنے اور صبر و تحمل کے ساتھ مثالی معاشرے کی تشکیل کرتے ہوئے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے پر زور دیا۔ قاضی صاحب نے دعا میں باہمی اخوت اور بھائی چارہ اور یکجہتی کے ساتھ ہی شہر ، ریاست اور ملک کے ساتھ ہی اقوام عالم میں امن و امان کی دعا فرمائی۔ انہوں نے فرمایا کہ رمضان کا مہینہ خالص اللہ کی رضا کے لئے ہے تاکہ تقویٰ اور پرہیزگاری زندگی میں آجائے۔ اس کی ایک آزمائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال کے باقی مہینوں میں بھی نیکی اور عبادت کے کام جاری رکھے جانا چاہئے۔ کسی کے ساتھ ظلم و زیادتی نہ کی جائے۔ انہوں نے معاشرہ میں سلام کو رواج دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سلام کا اسلامی طریقہ اختیار کیا جائے۔ روایتی، دکھاؤٹی یا سیاسی طریقے سے سلام نہ کیا جائے۔ اپنے سلام کو درست کریں۔ سلام کسی مطلب یا لالچ سے نہ ہو۔ ساتھ ہی غرور اور تکبر سے بچیں انہوں نے کہا کہ تکبر کرنے والوں کو اللہ ناپسند کرتے ہیں، خواہ وہ کوئی بھی ہو۔ اس موقع پر قاضی صاحب نے سبھی کو عید کی مبارکباد پیش کی اور امن و سلامتی اور نیک راہ پر چلنے کی نصیحت فرمائی۔