نئی دہلی 30اپریل: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان پر کہ 2024 میں این ڈی اے کی حکومت بنتے ہی بہار سے ذات پرستی اور اقربا پروری کا خاتمہ کردیا جائے گا، آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے سخت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ این ڈی اے کو اس کی شروعات سب سے پہلے اپنے گھر سے کرنی چاہئے۔ پٹنہ میں منگل (30 اپریل) کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ امت شاہ کا بیان نہایت مضحکہ خیز ہے جس کی دو وجوہات ہیں۔ اول یہ کہ ان کی حکومت نہیں بننے والی اور دوسری یہ کہ اس پر بیان دینے کے بجائے ان کے خاتمے کی شروعات پہلے انہیں اپنے گھر سے کرنی چاہئے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ ان (امت شاہ) کی پارٹی میں اقربا پروری والے کون لوگ ہیں؟ ہم نے تو فہرست بھی جاری کر دی ہے، آپ سب نے دیکھی ہے۔ امت شاہ اس کی شروعات پہلے اپنی پارٹی اور اپنے گھر سے کریں۔ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے پر وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کے بارے میں امت شاہ کے بیان پر تیجسوی یادو نے کہا کہ انہوں نے یہ تو مان لیا کہ انڈیا اتحاد کی جیت ہو رہی ہے اور ہماری سرکار بننے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بہار میں ان لوگوں کی حالت بہت خراب ہے۔
بہار سے این ڈی اے کا صفایا ہو چکا ہے اور یہ لوگ پوری طرح سے گھبرائے اور بوکھلائے ہوئے ہیں۔ آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ کرناٹک میں ڈھائی ہزار سے زائد بہنوں کا استحصال کیا گیا اور استحصال کرنے والا انہیں کا ساتھی ہے اور اب معلوم ہو رہا ہے کہ وہ جرمنی فرار ہو گیا ہے۔ اس سے قبل خواتین پہلوانوں کے ساتھ بھی جنسی استحصال ہوا، مودی جی اس پر خاموش رہے۔ منی پور میں خواتین پر بدترین مظالم ہوئے، عورتوں کا جنسی استحصال ہوا لیکن اس پر بھی پی ایم مودی خاموش رہے۔ سوال یہ ہے کہ یہ خاموشی کیوں ہے؟