شاہ عالم، 18 فروری (یو این آئی) ہندوستانی خاتون ٹیم نے اتوار کو بیڈمنٹن ایشیا ٹیم چمپئن شپ 2024 کے فائنل میں تھائی لینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر تاریخی طلائی تمغہ جیتا۔ملائیشیا کے شاہ عالم میں آج کھیلے گئے فائنل میں انمول کھرب نے فیصلہ کن مقابلے میں خود سے زیادہ رینک والے حریف کو شکست دے کر ایک بار پھر دلچسپ فتح دلائی۔دو بار کی اولمپک تمغہ یافتہ اور عالمی نمبر 11 پی وی سندھو نے 17 ویں رینک کی سوپانیڈا کیتھونگ کو 21-12، 21-12 سے شکست دے کر شاندار شروعات کی۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی اپنے ابتدائی سنگلز میچ میں تھائی کھلاڑی پر حاوی رہیں۔ انہوں نے 39 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں تھائی لینڈ کی سوپانیڈا کیتھونگ کو شکست دی۔ کیتھونگ کے خلاف آٹھ میچوں میں سندھو کی یہ پانچویں جیت ہے۔دوسرے راؤنڈ میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند نے ایک بار پھر اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔عالمی نمبر 23 ہندوستانی بیڈمنٹن جوڑی نے 10 ویں رینک کے جونگ کولفان کتیتھاراکول اور رویندا پرجونگجائی کو 21-16، 18-21، 21-16 سے ہرا کر ہندوستان کو 2-0 کی برتری دلائی۔اس کے بعد دوسرے سنگلز میچ میں اشمیتا چالیہا کو تھائی لینڈ کی کھلاڑی کے خلاف 21-11، 21-14 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔