گھبرائی بی جے پی کی ووٹنگ سے پہلے راجپوتوں کو راضی کرنے کی کوشش

0
2

نئی دہلی 6مئی: راجپوت سماج بی جے پی سے بہت سخت ناراض ہے ۔مرکزی وزیر پرشوتم روپالا کے متنازعہ بیان سے ناراض راجپوت ووٹروں کو راضی کرنے کے لیے بی جے پی نے ایک بڑا اور حتمی اقدام کیا ہے۔ بی جے پی کے تمام کشتریہ یعنی راجپوت لیڈروں نے راجپوت برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی مفاد میں بی جے پی کو ووٹ دیں۔ واضح رہے گجرات کی تمام 26 سیٹوں پر 7 مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گجرات میں بی جے پی کے سینئر کھشتری رہنما بھوپندر سنگھ چوڈاسما، آئی کے جڈیجہ، پردیپ سنگھ جڈیجہ، مندھاتا سنگھ جڈیجا، کیسری دیو سنگھ جھالا، بلونت سنگھ راجپوت، جے دراتھ سنگھ پرمار، مہندر سنگھ سرویا، کریت سنگھ رانا، دھرمیندر سنگھ شامل ہیں۔ انہوں نے ایک بیان جاری کر کے اپنی برادری سے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق ان لیڈروں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’پرشوتم روپالا نے اپنے بیان پر افسو س کا اظہار کیا ہے اور کئی بار کھشتریا برادری سے معافی مانگی ہے‘‘۔ جب روپالا نے بار بار معافی مانگی، تو کھشتریا برادری کو قومی مفاد میں قربانی کی شاندار روایت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فراخدلی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور انہیں معاف کر دینا چاہئے۔‘‘ بی جے پی گجرات کے راجپوت رہنماؤں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہندوستان دنیا کی تیسری بڑی طاقت بننے جا رہا ہے۔
اس تناظر میں ملک اور سناتن دھرم کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے۔ جب وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں تو یہ ہمارا قومی فرض ہے کہ ہم ان کے ساتھ تعاون کریں اور اس جمہوری عمل کا حصہ بنیں۔ بی جے پی لیڈروں نے کہا، وہ بھی روپالا کے بیان سے دکھی اور صدمے میں ہیں۔ تاہم، انہوں نے کہا، ملک اور ریاست کی ترقی میں کھشتریا برادری کا حصہ ہے۔