کیوں پنگا لے رہے ہو، امت بھائی کو ریکارڈ مارجن سے جتانا ہے…

0
9

نئی دہلی 19اپریل:الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ نگراں اور گجرات پولیس انتخابات کے دوران لیول پلیئنگ فیلڈ (مقابلے میں برابری کا موقع) فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ یہ الزام چیف الیکشن کمشنر کو بھیجے گئے ایک خط میں لگایا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ گاندھی نگر سے موصول ہونے والی اطلاعات اور لوگوں کے بیانات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرکاری مشینری کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور پولس کے ذریعے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے تاکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ریکارڈ مارجن سے جتایا جا سکے۔ اس ضمن میں کی جانے والی شکایات کو الیکشن حکام نظر انداز کر رہے ہیں۔ سماجی کارکن شبنم ہاشمی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ سرکاری مشینری کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور اعلیٰ سرکاری افسران امیت شاہ کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے سوال کیا ہے کہ کیا یہ لوگ قانون سے بالاتر ہیں اور کیا انہیں اپنی قانونی اور آئینی ذمہ داریوں کی صریح خلاف ورزی کرنے کی آزادی دی گئی ہے؟ خط میں شبنم ہاشمی نے درخواست کی ہے کہ الیکشن کمیشن اس معاملے کا نوٹس لے اور فوری طور پر ضروری اقدامات کرے اور مقامی ووٹرز، کمیونٹیز اور سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرائے۔
کہیں نظر نہیں آئی مودی لہر: ڈوٹاسرا
جے پور، 19 اپریل (یو این آئی) راجستھان پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر گووند سنگھ ڈوٹاسارا نے ریاست میں پہلے مرحلے کی 12 سیٹوں پر ووٹنگ کے بعد ریاست کے ووٹروں کا جمہوریت کے عظیم تہوار لوک سبھا کے عام انتخابات میں حصہ لینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعظم نریندر مودی کی لہر ریاست میں کہیں نظر نہیں آئی۔