بھوپال، 14 اپریل (رپورٹر)لوک سبھا انتخابات کو لیکر بڑھتی سرگرمیوں کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل مدھیہ پردیش کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی اتوار کو پھر مدھیہ پردیش کے دورے پر تھے، جس پر کانگریس مسلسل حملے کر رہی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مدھیہ پردیش کے دورے کے دوران ایم پی سے متعلق تین سوالات پوچھے ہیں۔ انہوں نے اپنی سوشل سائٹ ایکس پر لکھا کہ وزیر اعظم مدھیہ پردیش جا رہے ہیں۔ آج ان سے ہمارے تین سوالات ہیں۔
پہلا سوال پوچھتے ہوئے جے رام رمیش نے لکھا کہ وزیر اعظم مودی نے 11 اکتوبر 2022 کو 850 کروڑ روپے کے مہاکال لوک کوریڈور کا افتتاح کیا تھا۔ اتنے زیادہ اخراجات کے باوجودمئی 2023 میں سپت رشیوں کی سات مورتیاں صرف کچھ دیر کے لئے آئے طوفان میں ٹوٹ گئیں۔ پچھلی کانگریس حکومت نے اس اسکیم کے لیے 350 کروڑ روپے کی منظوری دی تھی لیکن بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ لاگت بڑھ کر 850 کروڑ روپے ہوگئی۔ اس کے باوجود یہ منصوبہ ایک طوفان بھی برداشت نہیں کر سکا۔ مدھیہ پردیش حکومت کے لوک آیکت نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا اور جانچ کا حکم دیا تھا۔ اب اس واقعے کو تقریباً 10 ماہ گزر چکے ہیں۔ لوک آیکت کی جانچ کا کیا ہوا؟ کسی کو ذمہ دار کیوں نہیں ٹھہرایا گیا؟ کیا وزیر اعظم مودی ایک بار پھر بی جے پی کے خلاف کرپشن کے الزامات کو دبا رہے ہیں؟دوسرا سوال اٹھاتے ہوئے جے رام رمیش نے کہا کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کے مطابق مدھیہ پردیش میں دلتوں کے خلاف جرائم کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ 2021 میں (سب سے تازہ ترین جس کے لیے ڈیٹا دستیاب ہے)، درج فہرست ذاتوں کے خلاف جرائم کی شرح 63.6 تھی، جب کہ قومی اوسط 25.3 ہے۔