لاہور، 26 اپریل (یو این آئی) ٹم رابنسن (51) رن کی نصف سنچری اننگز اور پھر ولیم اورورک کی تیز گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو چار رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں 179 رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 20 اووروؓ میں آٹھ وکٹوں پر صرف 174 رن بنا سکی اور اسے چار رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ پاکستان کی شروعات خراب رہی اور 46 کے سکور پر اس کی تین وکٹیں گر گئیں۔ کپتان بابر اعظم (5)، صائم ایوب (20)، اسامہ خان (16) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے 45 گیندوں پر چار چوکے اور تین چھکے مار کر سب سے زیادہ (61) کی اننگز کھیلی۔ افتخار احمد (23)، شاداب خان (7) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم 22 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے اور محمد عامر ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اووروں میں آٹھ وکٹوں پر صرف 174 رن بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم اورورک نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ بین سیئرز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان مائیکل بریسویل اور جیمز نیشم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پاکستان نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 56 رن جوڑے۔ نیوزی لینڈ کے لیے اوپنر ٹم رابنسن نے 36 گیندوں میں سب سے زیادہ (51) رن بنائے۔ ڈین فاکس کرافٹ 26 گیندوں میں 34 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ٹام بلنڈل 15 گیندوں میں 28 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ مائیکل بریسویل نے 20 گیندوں پر 27 رن بنائے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اووروں میں 7 وکٹوں پر 178 رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عامر، زمان خان، اسامہ میر اور افتخار احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔