نئی دہلی 11جنوری:اجمیر شریف درگاہ گنگا جمنی تہذیب اور اتحاد کی بہترین مثال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف مذاہب کے لوگ اس درگاہ کی زیارت کرنے پہنچتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ کئی سالوں سے خواجہ معین الدین چشتی کے عرس کے موقع پر یہاں چادر چڑھاتے رہے ہیں۔ اس سال بھی انھوں نے چادر مسلم وفد کے حوالے کر دی ہے جو 13 جنوری کو اجمیر شریف درگاہ پر چڑھایا جائے گا۔ پی ایم مودی نے خود اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جانکاری دی ہے اور کچھ تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’مسلم طبقہ کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اس دوران میں نے ایک مقدس چادر انھیں پیش کی جو حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے عرس کے موقع پر اجمیر شریف درگاہ پر چڑھائی جائے گی۔‘‘ جو تصویریں پی ایم مودی نے شیئر کی ہیں ان میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور اسمرتی ایرانی اور دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ دراصل پی ایم مودی نے اجمیر شریف درگاہ پر چڑھانے کے لیے چادر بی جے پی اقلیتی محاذ کے حوالے کی ہے۔ اقلیتی محاذ کے اراکین اس چادر کو 13 جنوری کی دوپہر اجمیر شریف درگاہ میں پیش کر سکتے ہیں۔ پی ایم مودی نے آج اقلیتی محاذ کے جن اراکین کو یہ چادر حوالے کی ہے ان میں بی جے پی اقلیتی محاذ کے صدر جمال صدیقی اور بی جے پی قومی نائب صدر طارق منصور شامل ہیں۔ ان کے ساتھ کچھ دیگر مسلم لیڈران بھی اجمیر شریف درگاہ جائیں گے۔