وزیر اعظم مودی کے دورۂ بہار کے موقع پر کانگریس نے کیے وزیر اعظم سے 3 سوالات

0
6

نئی دہلی16اپریل:لوک سبھا کی انتخابی مہم کے دوران کانگریس پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم مودی سے مسلسل سوالات کیے جار ہے ہیں۔ اسی ضمن میں کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر آج ایک بار پھر وزیر اعظم مودی سے سوالات کیے ہیں۔ اپنے سوالات کے ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم کے وعدوں کو بھی پیش کیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے ’آج وزیر اعظم بہار میں ہیں، ان سے آج کے ہمارے سوالات‘ کے عنوان سے اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم سے 3 سوالات پوچھے ہیں۔ انہوں نے پوچھا ہے کہ ’’ 1. وزیر اعظم نے اپنے وعدے کے مطابق بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ کیوں نہیں دیا؟ 2. کوسی ندی سے آنے والے سیلاب کی صورت میں ہر سال ہونے والی تباہی پر مودی حکومت کب توجہ دے گی؟ اور 3. وزیر اعظم نے جن ہوائی اڈوں کا وعدہ کیا تھا ان کا کیا ہوا؟‘‘ جے رام رمیش نے ان سوالات کے بعد وزیر اعظم کے 3 وعدوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ’’یہ ہیں ان کے جملوں کی تفصیلات۔‘‘ لکھا ہے۔ اس میں جے رام رمیش نے پہلے وعدے کے تحت پوچھا ہے کہ ’’ مرکز میں 10 سال اور بہار میں تقریباً 15 سال اقتدار میں رہنے کے بعد بھی بی جے پی حکومت نے ریاست کو خصوصی درجہ کیوں نہیں دیا؟

مرکز کی اپنی کثیر جہتی غربت انڈیکس (MPI) رپورٹ کے مطابق، بہار ہندوستان کی غریب ترین ریاست ہے۔ ریاست کی 52 فیصد آبادی کو صحت اور تعلیم کی مناسب سہولیات میسر نہیں۔ 2013 میں رگھورام راجن کمیٹی نے ریاست کی معاشی پسماندگی کے پیشِ نظر فنڈز کی منتقلی کے لیے ایک نئے طریقہ کار کی سفارش کی تھی جو ایس سی ایس کے بجائے کثیر جہتی انڈیکس پر مبنی ہو۔ 2014 میں جب مودی جی وزیر اعظم کے امیدوار تھے تو انہوں نے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا کئی بار وعدہ کیا تھا۔ دس سال بعد بھی مودی حکومت کس چیز کا انتظار کر رہی ہے؟ وزیر اعظم بہار کے لوگوں کو کیوں بھول گئے؟‘‘