ممبئی 8اپریل:مہاراشٹر میں ایم وی اے مضبوطی کے ساتھ لوک سبھا انتخابات کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ اس کے لیڈران جس طرح بی جے پی اور وزیر اعظم مودی پر تنقیدیں کر رہے ہیں، وہ ریاست بھر میں موضوع بحث بنتی جا رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک تنقید این سی پی-شرد چندر پوار کے سربراہ شرد پوار نے کی ہے۔ اپنے بیان کے ذریعے انہوں نے پی ایم مودی کی احسان فراموشی کو ظاہر کیا ہے۔ اپنے پرانے حلقۂ انتخاب بارامتی میں ایک عوامی جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ’’جب میں مرکزی وزیر زراعت تھا تو میں نے گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کی بغیر کسی تعصب کے ذاتی طور پرمدد کی تھی لیکن آج وہی شخص مجھ پرذاتی حملے کر رہا ہے۔ آج اگر کوئی وزیر اعظم کے خلاف تبصرہ کرتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ جب جھارکھنڈ کے سی ایم (ہیمنت سورین) نے پی ایم کے خلاف بات کی تو انہیں جیل بھیج دیا گیا۔‘‘ شرد پوار نے مزید کہا کہ “وزیر اعظم کے خلاف بولنے والے اروند کیجریوال کو بھی جیل بھیج دیا گیا ہے، یہ جمہوریت نہیں بلکہ آمریت ہے، آج مودی کے ہاتھوں میں اقتدار سمٹ کر رہ گیا ہے، ہمیں اسے آزاد کرانے کی ضرورت ہے۔‘‘ واضح رہے کہ شرد پوار نے بارامتی سیٹ سے اپنی بیٹی سپریا سولے کو امیدوار بنایا ہے۔ اس سیٹ سے سپریا سولے موجودہ ایم پی بھی ہیں۔