مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں: مہیندر

0
7

جبل پور، 18 مارچ (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات کے مدھیہ پردیش انچارج ڈاکٹر مہیندر سنگھ نے کہا ہے کہ ہمارے تمام کارکنوں کو لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو تاریخی جیت دلانے کے ساتھ 400 سے زیادہ سیٹیں جیتنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا ہے اور مسٹر نریندر مودی کو ایک بار پھر وزیر اعظم بنانا ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے یہ بات آج یہاں پارٹی کے ڈویژنل دفتر میں منعقدہ لوک سبھا الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر سنگھ نے سوشل میڈیا والنٹیر کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے تمام کارکنوں کو پارٹی کے بوتھ وجے ابھیان کے تحت ہر روز 2 گھنٹے اپنے بوتھ پر جانا ہوگا اور پارٹی کے حق میں مضبوط ماحول بنانے کی کوشش کرنی ہوگی۔ وزیر اعظم مسٹر مودی نے غریبوں کی بہبود اور عوامی بہبود کے لیے وسیع کام کیا ہے۔ ہمیں ان کاموں کو ہر شخص تک پہنچانا ہے۔لوک سبھا کے ریاستی انچارج نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹرمودی کے غریبوں کے فلاحی وژن کی وجہ سے عام آدمی کا حکومت میں اعتماد کا احساس بیدار ہوا ہے۔ وہ مان رہے ہیں کہ حکومت عام آدمی کے لیے کچھ کرتی ہے۔ حکومت کے حق میں ملک میں تاریخی ماحول ہے۔ بس اس اعتماد کو پولنگ بوتھ تک لے کر جاکر ووٹ میں تبدیل کروانا ہم سب کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی کی اپیل پر ہم تمام کارکنوں کو ہر بوتھ پر بی جے پی کو 370 سے زیادہ نئے ووٹ دلانے کی کوشش کرتے ہوئے 400 سیٹوں کا ہدف حاصل کرنا ہے۔