بھوپال /دموہ :3فروری (پریس ریلیز)مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، دموہ کے ذریعے “سلسلہ اور تلاشِ جوہر” کے تحت دموہ کے استاد شعراء نشتر دموہی اور محسن دموہی کی یاد میں شعری و ادبی نشست کا انعقاد 4 فروری 2024 کو صبح 11:30 بجے سے سلطان میرج گارڈن، دموہ میں ضلع کوآرڈینیٹر ادیب دموہی کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے “سلسلہ اور تلاشِ جوہر” کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں. اس سال ضلع وار سلسلہ اور تلاشِ جوہر پروگرام اُس ضلع کے مرحوم تخلیق کاروں اور مجاہدین آزادی کو موسوم ہیں. اکادمی کے ذریعے سبھی ضلعوں میں اپنے کوآرڈینیٹروں کے تعاون سے ایسی ہستیوں کے نام تلاش کرکے ان کی یاد میں پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ اس سلسلے کا ستائیسواں پروگرام دموہ میں منعقد ہورہا ہے جس میں دموہ ضلع کے ماتحت آنے والے سبھی گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع بہت کم ملا ہے.
دموہ ضلع کے کوآرڈینیٹر ادیب دموہی نے بتایا کہ منعقدہ ادبی و شعری نشست دو اجلاس پر مبنی ہوگی. پہلے اجلاس میں صبح 11:30 بجے تلاش جوہر کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ضلع کے نئے تخلیق کار فی البدیہہ مقابلے میں حصہ لیں گے. دوسرے اجلاس میں دوپہر 2:00 بجے سلسلہ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ڈاکٹر رفیق عالم – ادیب (موضوع : نشتر دموہی فن و شخصیت)، شکیل امجد – ادیب ( موضوع : محسن دمو ہی فن و شخصیت) پر گفتگو کرکے انھیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔ شعری نشست میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مقررین اور شعرا کے طور پر چھترپور کے استاد شاعر حق چھترپوری اور کٹنی کےسینئر شاعر پرمود بھٹ نیلانچل کے نام شامل ہیں اور مقامی شعراء و ادبا میں کیشو تیواری، فرحت دموہی، تاج دموہی، و ملا تیواری ، منظر دموہی، اختر دموہی، شکیل جمالی، آصف انجم، ستارا ناز مانو بجاج، راجا ساحل خان، ڈاکٹر راشد ، منور رضا ساجد وغیرہ کے نام شامل ہیں.
سلسلہ ادبی و شعری نشست کی نظامت کے فرائض ادیب دموہی انجام دیں گے .
ڈاکٹر نصرت مہدی نے دموہ کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔