نئی دہلی، 08 اپریل (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز لیزرڈ ولیمز کو دہلی کیپٹلس نے ہیری بروک کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے جنہوں اپنی دادی کی موت کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ ولیمز کو دہلی نے ان کی بنیادی قیمت 50 لاکھ روپے میں ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ یہ ولیمز کا پہلا آئی پی ایل سیزن ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ ولیمز کے آنے سے دہلی کے تیز گیند بازی اٹیک کو مضبوطی ملے گی۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ولیمز نے 83 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 19.73 کی اوسط سے مجموعی طور پر 106 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپریل 2022 میں جنوبی افریقی ٹیم میں ڈیبیو کیا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے لیے دو ٹیسٹ، چار ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔ وہ ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی ٹیم کا حصہ تھے اور بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ کھیلا تھا۔ انہوں نے ایس اے 20 میں جوبرگ سپر کنگز کے لیے 15 وکٹیں حاصل کیں اور ٹورنامنٹ میں چوتھے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیندبازتھے۔