نئی دہلی 25جولائی: مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کی خبر پر کانگریس نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کی جیت قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ نوجوانوں کی جیت ہے، ہندوستان کے جین-زی کی جیت ہے۔ یہ جیت ان کروڑوں نوجوانوں کی ہے، جنھوں نے ملک بھر میں تعلیمی نظام کو درست کرنے کے لیے آواز بلند کی۔‘‘ دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کو کانگریس نے پی ایم مودی کے ’تکبر کا ٹوٹنا‘ بتایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’نوجوانوں کے ’ستیہ‘ (سچائی) کے سامنے نریندر مودی کا گھمنڈ ٹوٹ گیا ہے، ان کے جھوٹ کی شکست ہوئی ہے۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ’’نوجوانوں نے ایک نااہل اور بدعنوان وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیا۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ وزیر تعلیم کے استعفیٰ کا مطالبہ مظاہرین طلبا اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس لیڈران و کارکنان کئی ہفتوں سے کر رہے تھے۔ شدید دباؤ کے بعد آج جب وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ دے دیا، تو کانگریس نے اسے ایک بہت بڑی کامیابی ٹھہرایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’نیٹ پیپر لیک ہونے کے پہلے دن سے ہی حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی سڑک سے لے کر پارلیمنٹ تک نوجوانوں کو انصاف دلانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ یہ جنگ آگے بھی جاری رہے گی۔
جب تک تعلیمی نظام میں اصلاح نہیں ہو جاتا۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی کو ہمارے نوجوانوں پر لاٹھی چلوانے، پیلیٹ گن سے حملہ کرنے کے لیے معافی مانگنی ہی ہوگی۔‘‘









