نئی دہلی 26اپریل: لوک سبھا انتخاب 2024 کا دوسرا مرحلہ جمعہ کی شام 6 بجے انجام پذیر ہو گیا۔ دوسرے مرحلہ میں 13 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 88 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے جس میں 1200 سے زائد امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا ہے۔ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سبھی ای وی ایم کو سیل کر دیا گیا ہے جو 4 جون کو ووٹ شماری کے لیے کھلے گا اور نتائج اسی دن برآمد ہو جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں کیرالہ کی سبھی 20 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے علاوہ کرناٹک کی 14، راجستھان کی 13، اتر پردیش کی 8، مہاراشٹر کی 8، مدھیہ پردیش کی 6، آسام کی 5، بہار کی 5، چھتیس گڑھ کی 3، مغربی بنگال کی 3 اور تریپورہ، منی پور اور جموں و کشمیر کی 1-1 سیٹ پر ووٹرس نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹنگ کا حتمی فیصد سامنے نہیں آیا ہے، لیکن 5 بجے تک ڈالے گئے ووٹ کا فیصد الیکشن کمیشن نے جاری کر دیا ہے۔ دی گئی جانکاری کے مطابق تریپورہ و منی پور میں سب سے زیادہ 77 فیصد اور 76 فیصد ووٹ ڈالے گئے، جبکہ اتر پردیش میں سب سے کم 52 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ دوسرے مرحلہ میں کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے راہل گاندھی اور تروونت پورم سے ششی تھرور میدان میں تھے۔ ششی تھرور کا مقابلہ مرکزی وزیر اور بی جے پی امیدوار راجیو چندرشیکھر سے ہے۔ دیگر اہم امیدواروں میں متھرا سے ہیما مالنی، راج نندگاؤں سے بھوپیش بگھیل، بنگلورو دیہی سے ڈی کے سریش اور بنگلورو جنوب سے تیجسوی سوریہ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں راجستھان کی کوٹہ سیٹ سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا بی جے پی امیدوار ہیں اور بہار کے پورنیہ سے پپو یادو نے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سبھی پولنگ مراکز پر مائیکرو آبزرور کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ 50 فیصد سے زیادہ پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی گئی۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زیادہ پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی سہولت مہیا کی گئی تھی۔