حیدرآباد 13جنوری(یواین آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹارگیندباز محمد سراج جو جنوبی افریقہ کے کامیاب دورہ کے بعد حیدرآباد پہنچے کو شہر میں اپنے دوست کی شادی کی تقریب میں قوالی کے پروگرام سے لطف اندوز ہوتے ہوادیکھاگیا۔ محمد سراج جومیاں بھائی کے نام سے بھی مشہور ہیں نے جنوبی افریقہ میں میاں بھائی میجک دکھانے کے بعد اپنے آبائی شہر واپسی پراس شادی کی تقریب میں شرکت کی۔اس وائرل ویڈیومیں دیکھاگیا ہے کہ ان پر سے ان کے ساتھیوں اورمداحوں نے نوٹوں کی بارش کی۔ ویڈیو میں، وہ پرجوش مداحوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ باصلاحیت کرکٹر کو قوالی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ورلڈ کپ 2023 کے اختتام کے بعد انہوں نے حیدرآباد میں منعقدہ قوالی پروگرام میں شرکت کی تھی۔ انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملاتھا۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کی شاندار جیت کے بعد ہندوستانی کرکٹ کپتان روہت شرما نے بھی ان کی ستائش کی تھی۔ سراج کے6/15 کے دھماکہ خیز اسپیل نے میزبان ٹیم کو اپنی پہلی اننگز میں صرف 55 رنز پر آؤٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیاتھا، جس نے ہندوستان کی سیریز برابر کرنے کی بنیاد رکھی۔ محمد سراج اب اس ماہ کے آخر میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والی آئندہ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔وہ آئی سی سی ون ڈے گیند بازی کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔