بھوپال۔30/ جولائی : آج راجدھانی بھوپال میں واقع حج ہاؤس میں ممبئی حج کمیٹی آف انڈیا نے کمپیوٹر کے ذریعے ریاست کے حج درخواست گزاروں کا قرعہ نکالا، جس میں مجموعی طور پر 10,058 درخواستیں قرعہ اندازی کے لئے شامل تھیں۔ ریاست کے کوٹہ کے مطابق 5,998 حاجیوں کو حج کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ 4,060 درخواست دہندگان کو متوقع فہرست (ویٹنگ لسٹ) میں رکھا گیا ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے درخواست دہندگان کو دیگر ریاستوں کے بچنے والے کوٹوں سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔دیواس کے محمد عرفان پہلی بار حج کے لیے درخواست دینے پر قرعہ میں منتخب ہونے پر جذباتی نظر آئے اور اسے اپنی خوش نصیبی قراردیا۔ منتخب عازمین میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے 972 درخواست دہندگان کو محفوظ زمروں میں رکھا گیا ہے۔ ان میں 65 خواتین بھی شامل ہیں جو بغیر محرم کے حج سفر کریں گی۔حج ہاؤس میں منعقدہ پروگرام میں مفتی عبد السلام کلام قاسمی نے تلاوتِ قرآن کی۔ موقع پر مقررین میں قاضیِ شہر مولانا سید مشتاق علی ندوی نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب حج کا سفر مشکل تھا مگر حج آسان تھا؛ اب سفر آسان ہو گیا ہے اور حج کرنا ایک مشکل امر بن گیا ہے۔
انہوں نے منتخب عازمین کو مشورہ دیا کہ ابھی سے تیاری شروع کریں،روزآنہ ایک سے پانچ کلومیٹر پیدل چلنے کی مشق کریں،دعائیں سیکھیں اور سفر کی معمولی مصائب کی عادت ڈالیں تاکہ حج کے دوران مشکل پیش نہ آئے۔مدھیہ پردیش وقف بورڈ کے صدر ڈاکٹر سنور پٹیل نے کہا کہ حج اور حاجیوں کی خدمت باعثِ سعادت ہے۔ ان کے دورِ کار میں حج ہاؤس کی تعمیر، ایمبارکیشن پوائنٹس اور مسافروں کے لیے سہولتوں میں بہتری کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ قرعہ اندازی کا براہِ راست مظاہرہ حج ہاؤس میں کیا گیا، تاہم وہاں موجود درخواست دہندگان کی تعداد اتنی زیادہ نہ رہی۔ ضلع حج کمیٹی کے صدر اسلم الیاس نے واضح کیا کہ آن لائن قرعہ اس لیے کیا گیا تاکہ درخواست دہندگان اپنے گھر سے ہی نتائج دیکھ سکیں اور بھوپال آنے جانے کی زحمت سے بچ سکیں، اس لیے انہیں خصوصی طور پر مدعو نہیں کیا گیا تھا۔فیکٹ فائلریاست سے درخواست دہندگان: 10,058ریاست کا حج کوٹہ: 5,99865+ عمر کے حاجی: 972بغیر محرم کے خواتین حاجیات: 65ویٹنگ لسٹ میں شامل: 4,060۔









