بھوپال، 7 مارچ: محکمہ ا سکول ایجوکیشن کی جانب سے 5ویں اور 8ویں جماعت کے بورڈ پیٹرن کے امتحانات کے جعلی اور گمراہ کن سوالیہ پرچے بنانے والے کچھ سماج دشمن افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ریاستی تعلیمی مرکز کے ایویلیوایشن کنٹرولرمسٹر ایچ جی کھرے نے پولیس کمشنر سائبر کرائم آفس بھوپال میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب اور ٹیلی گرام پر کچھ سماج دشمن افراد ذاتی فائدے کے لیے طلبہ اور والدین کو امتحانی سوالیہ پرچہ فراہم کرنے کا لالچ دے کر گمراہ کن اور فرضی سوالیہ پرچے فراہم کر رہے ہیں۔
ڈائرکٹر، اسٹیٹ ایجوکیشن سینٹر مسٹر دھن راجو ایس نے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے امتحانات کی دیانتداری پر سوال اٹھتے ہیں، وہیں طلباء کو بھی گمراہ کیا جا رہا ہے اور حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔ اس سے ان کے مزاج پر بھی بہت منفی اثر پڑنے کا امکان ہے۔ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے لیے اسٹیٹ ایجوکیشن سینٹر کی جانب سے سائبر پولس میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
ڈائرکٹر مسٹر دھن راجو ایس نے طلباء اور ان کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی لالچ میں نہ آئیں اور پوری لگن کے ساتھ اپنے امتحانات دیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر مجرم طلباء کی ذاتی معلومات کا غلط استعمال کر سکتے ہیں اور انہیں کسی بھی مجرمانہ کیس میں ملوث کر سکتے ہیں۔ ان کے فتنے کا شکار ہو کر طالب علم کو نہ صرف مالی نقصان اٹھانا پڑے گا بلکہ مجرمانہ ملوث ہونے کا مقدمہ بھی درج کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے طلبہ اور والدین کو ہمیشہ ایسی جھوٹی افواہوں اور فتنوں سے گریز کرنا چاہیے۔