شارجہ، 18 مارچ (یو این آئی) محمد نبی کی 59 رنوں کی شاندار نصف سنچری اور کپتان راشدخان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت افغانستان نے دوسرے ٹی-20 میچ میں آئرلینڈ کو 10 رنز سے شکست دے دی۔153 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کا آغاز اچھا رہا اور اینڈی بالبرنی اور پال اسٹرلنگ کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 49 رنز جوڑے۔ اینڈی بالبرنی نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 44 گیندوں پر 45 رن بنائے۔ گیرتھ ڈیلانی نے 18 گیندوں پر 39 اور کپتان پال اسٹرلنگ نے 25 رنز بنائے۔ لورکن ٹکر 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ 12ویں اوور میں کرٹس کیمفر چھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر صرف 142 رنز بنا سکی اور 10 رنز سے میچ ہار گئی۔افغانستان کی جانب سے راشد خان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ننگیالیا کھروٹے کو دو وکٹ ملے۔ فضل الحق فاروقی اور محمد نبی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور سلامی بلے باز رحمان اللہ گرباز دوسرے اوور میں تین رن بناکرپویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ابراہیم زدران بھی پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ایک وقت افغانستان نے چار اوورز میں 14 رنز پر چار وکٹیں گنوا دی تھیں۔ اس کے بعد محمد نبی نے صدیق اللہ اتل کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت ہوئی۔ صدیق اللہ اتل نے 32 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔ وہیں محمد نبی نے 38 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگ کھیلی۔ اس جیت میں کپتان راشد خان نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 12 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 152 رنز بنائے۔آئرلینڈ کی جانب سے مارک ایڈیئر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جوش لٹل اور بیری میکارتھی کو دو دو وکٹ ملے۔ بین وائٹ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس جیت کے ساتھ ہی افغانستان نے آئرلینڈ کے ساتھ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔
بنگلہ دیش چار وکٹوں سےفتحیاب
چٹگاؤں، 18 مارچ (یو این آئی) تنزید حسن کی 84 رنز کی نصف سنچری اور رشاد حسین ناٹ آؤٹ 48 رنز کی اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے پیر کو تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو چار وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ بنگلہ دیش نے تین میچوں کی سیریز بھی 2-1 سے جیت لی ہے۔
236 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتر ی بنگلہ دیش کی انعام الحق اور تنزید حسن کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 50 رنز جوڑے۔
نویں اوورمیں انعام الحق 12 رن کو کمارا نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 11ویں اوور میں کپتان نجم الحسن شانتو بھی ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد توحید ہردوئے 22 رنز بنانے کے بعد تیسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ محمود اللہ ایک رن اور مہدی حسن میراز 25 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ مشفق الرحیم 37 اور رشاد حسین 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش نے 40.2 اوورز میں چھ وکٹوں پر 237 رنز بنانے کے بعد میچ چار وکٹوں سے جیت لیا۔
سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے 48 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ وینندو ہسرنگا نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جنیت لیاناگے کی ناقابل شکست 101 رنز کی سنچری اور چارتھ اسالنکا کی 37 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 236 رنز کا ہدف دیا۔
آج یہاں ٹاس جیت کر سری لنکا نے پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری سری لنکا کا آغاز انتہائی خراب رہا اور اس نے پہلے ہی اوور میں سلامی بلے باز پاتھم نسنکا ایک رن کا وکٹ گنوادیا۔ اس کے بعد چوتھے اوور میں اویشکا فرنینڈو 4 رن بھی پویلین لوٹ گئے۔ تاہم کپتان کسل مینڈس نے کچھ جدوجہد کرتے ہوئے اننگ کو سنبھالا۔ وہ 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سدیرا سمارا وکرما 14، چارتھ اسالنکا 37، دونتھ ویللالگے ایک، وینندو ہسرنگا 11 اور مہیش تھیکشنا 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جنیت لیانگے نے 102 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ یہ لیاناگے کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری ہے۔ آخری اوور میں پرمود مدوشن تین رن اورلہیروکمارایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 235 رن پر سمٹ گئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مستفیض الرحمان اور مہدی حسن میراز نے دو دو وکٹ لئے۔ سومیا سرکار اور رشاد حسین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔