بھوپال، 29 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر آج دعویٰ کیا کہ ’’اب کی بار چار سو پار‘‘ کا نعرہ ہر جگہ سنائی دے رہا ہے اور یہ عوام کا خود کا نعرہ ہے۔ مسٹر مودی نے ورچولی طور پر (ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے) شمولیت اختیار کرتے ہوئے مدھیہ پردیش میں 17 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ ان میں بنیادی طور پر ریل، سڑک اور آبپاشی کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھگوان مہاکال کے شہر اجین میں قائم دنیا کی پہلی ‘ویدک گھڑی کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام میں بھوپال سے گورنر منگو بھائی پٹیل اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھی جڑے۔
اپنے خطاب میں مسٹر مودی نے کہا کہ ’’اب کی بار چار سو پار‘‘ کا نعرہ ہر طرف سنائی دے رہا ہے۔ یہ نعرہ عوام نے خود بلند کیا ہے اور یہ جنتا جناردن کا نعرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ’’مودی کی گارنٹی‘‘ پرمہر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 15 لاکھ لوگ آج کے پروگرام میں ورچولی طور پر جڑے ہیں۔ اپنے خطاب کے آغاز میں وزیر اعظم مودی نے ڈنڈوری بس حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا بھی کی۔
مسٹر مودی نے کہا کہ آج ہم “ترقی یافتہ ریاست سے ترقی یافتہ ہندوستان مہم” کے تحت مدھیہ پردیش کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے ہر لوک سبھا اور اسمبلی حلقہ میں لاکھوں دوست ترقی یافتہ مدھیہ پردیش کی قرارداد سے جڑے ہیں۔ ملک تب ترقی کرے گا جب ریاستیں ترقی کریں گی۔ اس قرارداد کے ساتھ مدھیہ پردیش بھی جڑ رہا ہے۔
تاریخی شہر کے طور پر مشہور اجین میں قائم ویدک گھڑی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم وراثت اور ترقی کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس کا ثبوت اجین میں نصب ویدک گھڑی ہے۔ ایک زمانے میں یہ شہر پوری دنیا کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل تھا لیکن اب ہم نے ویدک گھڑی بھی لگا دی ہے۔مدھیہ پردیش میں ترقی کے میدان میں ہو رہے کام کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پینے کے پانی، سڑک اور آبپاشی کے منصوبوں کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ ریاست میں تیس سے زیادہ اسٹیشنوں پر جدید کاری کا کام جاری ہے۔ ان تمام کاموں سے لوگوں کی زندگی آسان ہو جائے گی۔ ریاست میں روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔پہلی بار ووٹ دینے والوں سے ترقیاتی کاموں پر توجہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی حکومت ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ “آتم نربھر ہندوستان” اور “میک ان انڈیا” پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن کو کوئی نہیں پوچھتا، مودی ان کو پوچھتا ہے۔ مودی ان کی تشہیر کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔ ایک مثال دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ کسی زمانے میں ملک میں غیر ملکی کھلونوں کے اسٹور تھے، لیکن اب ملک میں دیسی کھلونوں کے اسٹور ہیں اور ان کو ایکسپورٹ کیا جا رہا ہے۔پچھلے نو دس برسوں کے دوران کئے گئے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اب بیرون ملک ہندوستان کی ساکھ بڑھ گئی ہے۔ ہندوستانیوں کو عزت ملتی ہے۔ قرضے کے فوائد سرمایہ کاری اور سیاحت میں اضافے میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک میں سڑکوں اور دیگر شعبوں میں ’’کنیکٹیویٹی‘‘ بہتر ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سے ہر شعبے میں ترقی ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے پانچ سال ہماری بیٹیوں کو بااختیار بنانے کے ہوں گے۔ ہر گاؤں میں کئی لکھ پتی دیدی بنیں گی۔ خواتین کو ہر شعبے میں مزید حوصلہ دیا جائے گا۔ شہروں کی نسبت گاؤں میں آمدنی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مدھیہ پردیش میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے لیے تمام شہریوں کو مبارکباد بھی دی۔