نیویارک 31 اگست (یواین آئی) ہندوستان کے یوکی بھامبری اور نیوزی لینڈ کے مائیکل وینس کی جوڑی نے امریکہ کے مارکوس گیرون اور لرنر ٹائین کو شکست دے کر یو ایس اوپن مینز ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کر لیا۔ دوسری جانب تجربہ کار روہن بوپنا اور ان کے ساتھی موناکو کے رومین آرنیڈو مینز ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ ہفتہ کی رات ایک گھنٹہ ایک منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں ہندوستان کے یوکی بھامبری اور نیوزی لینڈ کے مائیکل وینس کی 14ویں سیڈ جوڑی نے امریکہ کے مارکوس گیرون اور لرنر ٹائین کو 6-0، 6-3 سے ہرا کر مینز ڈبلز کے دوسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کیا۔ ہندوستانی ٹینس کھلاڑی بھامبری اور مائیکل وینس پیر کو دوسرے راؤنڈ میں کولمبیا کے گونزالو ایسکوبار اور میکسیکو کے میگوئل اینجل ریئس وریلا کا مقابلہ کریں گے۔
اس دوران روہن بوپنا اور ان کے ساتھی موناکو کے رومین آرنیڈو کو رابرٹ کیش اور جیمز ٹریسی کی امریکی جوڑی نے 6-4، 6-3 سے شکست دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی بوپنا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب ارجن کڈھے اور ان کے جوڑی دار ایکواڈور کے ڈیاگو ہیڈلگو کروشیا کے میٹ پاوک اور ایل سلواڈور کے مارسیلو اریالو سے تین سیٹس میں ہار کر یو ایس اوپن سے باہر ہو گئے۔ ارجن کڈھے اور ڈیاگو ہیڈلگو نے پہلے سیٹ کے 12ویں گیم میں بریک پوائنٹ حاصل کر کے پہلا سیٹ جیت لیا، لیکن ٹائی بریک میں دوسرا سیٹ ہار گئے۔ فیصلہ کن سیٹ کے 10ویں گیم میں ہندوستانی-ایکواڈور کی جوڑی کی سروس ایک بار پھر ٹوٹ گئی اور انہیں 5-7، 7(7)-6(4)، 6-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔









