رانچی 6مئی:جھارکھنڈ کے رانچی میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت اور نریندر مودی پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے حوالے سے کہا کہ دہشت گردانہ حملہ کی خفیہ رپورٹ ہونے کے باوجود بھی پہلگام میں بڑے پیمانے پر سیکورٹی کیوں نہیں تعینات کی گئی؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حملہ کے 3 دن قبل ہی انٹیلی جنس نے رپورٹ نریندر مودی کو بھیج دی تھی۔ ایسی صورت میں کیا مرکزی حکومت کو پہلگام حملے میں ہوئے جان و مال کے نقصان کے لیے جوابدہ نہیں ہونا چاہیے؟ ملکارجن کھڑگے نے عوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے سب آپ کے سامنے ہے۔ 22 اپریل کو ملک میں خوفناک دہشت گردانہ حملہ ہوا، جس میں 26 لوگوں کی موت ہوئی اور حکومت نے قبول کر لیا ہے کہ یہ انٹیلی جنس کی ناکامی ہے اور اسے درست کرنے کی بات کہی ہے۔ کھڑگے نے حکومت سے سوال کیا کہ جب آپ کو یہ معلوم تھا تو آپ نے مناسب انتظامات کیوں نہیں کیے؟ کانگریس صدر نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے آگے کہا کہ ’’جب انٹیلی جنس آپ کی سیکورٹی کے لیے ایسا کہتے ہیں کہ وہاں آپ کا جانا مناسب نہیں ہے تو آپ نے وہی بات اپنے انٹیلی جنس کے اہلکاروں، سیکورٹی، پولیس اور بارڈر فورس کو کیوں نہیں بتائی؟‘‘ ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ میں سوال پوچھتا ہوں کہ ’’آپ نے اپنا پروگرام تو منسوخ کر دیا لیکن جو سیاح وہاں زیادہ تعداد میں گئے تھے، ان کی حفاظت کے لیے آپ اچھی سیکورٹی بھیج سکتے تھے۔ جب آپ اپنی غلطی مان رہے ہیں تو اتنے لوگ جو اس حادثہ میں مارے گئے ہیں اس کی ذمہ داری بھی آپ کو ہی لینی چاہیے۔ ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ جن لوگوں کی موت ہوئی ہے ان کی طرف آپ کی توجہ نہیں ہے، آپ صرف کانگریس حکومت کو گالیاں دیتے رہتے ہیں۔ پاکستان کے خلاف جنگ میں کانگریس کی مکمل حمایت آپ کے ساتھ ہے، کیونکہ یہ ملک کا معاملہ ہے۔
کلکتہ 6مئی (یواین آئی) جنوبی ۲۴پرگنہ کے سونا ر پور پولس اسٹیشن میں14 سالہ لڑکا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔سونار پور پولیس اسٹیشن کے 15 ویں وارڈ میں سوگ کا ماحول ہے۔متوفی کا نام دیوجیوتی دھر ہے۔