جکارتہ، 15 جنوری (یو این آئی) ہندوستان کے یوگیش سنگھ نے پیر کو ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ 2024 میں 25 میٹر سینٹر فائر پسٹل مقابلے میں ایک اور گولڈ میڈل جیتا۔آج یہاں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی شوٹر نے درست مرحلے میں 573 – 288 اور تیز رفتار مرحلے میں 285 کے اسکور کے ساتھ نان۔اولمپک ڈسپلن کے 10 کھلاڑیوں میں سرفہرست مقام حاصل کیا۔ عمان کے معاذ البلوشی نے 570 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ انڈونیشیا کے انانگ یولیانتو نے 567 پوائنٹس کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ایونٹ میں دیگر ہندوستانی نشانے بازوں کے درمیان پنکج یادو یولیانٹو کی طرح 567 کے اسکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہ کر تمغے سے محروم رہے۔دیگر ہندوستانیوں میں اکشے جین 564 پوائنٹس کے ساتھ اسٹینڈنگ میں چھٹے نمبر پر رہے۔ راکیش سریش کدم، صرف رینکنگ پوائنٹس (آر پی او) کے لیے مقابلہ کرتے ہوئے 560 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہے۔یوگیش سنگھ، پنکج یادو اور اکشے جین کی ہندوستانی تکڑی نے بھی مردوں کے 25 میٹر سینٹر فائر پسٹل ٹیم ایونٹ میں 1704-35x کے ساتھ ٹاپ پر رہ کر طلائی تمغہ جیتا۔ عمان کی ٹیم نے 1696-36x کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ میزبان ٹیم انڈونیشیا نے 1678-42x کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ہندوستان ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ 2024 میں 15 سونے، 10 چاندی اور آٹھ کانسے کے تمغوں سمیت کل 33 تمغوں کے ساتھ تمغوں کی تعداد میں سرفہرست ہے۔ ہندوستانی نشانے بازوں نے میٹ سے چار پیرس 2024 اولمپک کوٹہ بھی حاصل کیا ہے۔