نئی دہلی 23مئی:بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن کے خلاف کارروائی نہ ہونے سے ناراض پہلوانوں نے آج جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک کینڈل مارچ نکالا۔ مظاہرین پہلوان لگاتار برج بھوشن کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن یہ مطالبہ پورا نہ ہونے سے وہ ناراض ہیں۔ پہلوان تقریباً ایک ماہ سے جنتر منتر پر برج بھوشن سنگھ کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں اور انھیں اب کسان تنظیموں کا بھی ساتھ ملنا شروع ہو گیا ہے۔ آج کینڈل مارچ میں پہلوانوں کو کھاپ نمائندوں کا ساتھ ملا اور کسان لیڈر راکیش ٹکیت بھی ان کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے دکھائی دیئے۔ کینڈل مارچ میں سابق گورنر ستیہ پال ملک بھی موجود تھے جس سے پہلوانوں کا حوصلہ کافی بڑھا ہوا تھا۔ اس دوران پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ ’’ہماری بہنوں کی عزت ہمارے لیے جان سے بھی بڑھ کر ہے۔ جب تک ملک کی بیٹیوں کو انصاف نہیں مل جاتا ہے تب تک یہ تحریک ایسے ہی چلتی رہے گی۔‘
‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بہت سے لوگ اس تحریک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ ہمارا ایسے ہی ساتھ دیتے رہیں۔‘‘ بجرنگ پونیا نے میڈیا کے سامنے کہا کہ یہ سوال ہندوستان سے محبت کرنے والے سبھی مذاہب و ذاتوں کے لوگوں کو حکومت سے کرنا چاہیے کہ ایک ماہ سے ہمارے چمپئن سڑک پر کیوں ہیں؟ ان کی جگہ سڑک نہیں بلکہ اکھاڑا ہے۔ پہلوان ساکشی ملک نے اس موقع پر کہا کہ ’’یہ ملک کی بیٹیوں کی لڑائی ہے جس میں آپ سبھی کو ہمیں حمایت کرنی ہوگی تاکہ ہمیں انصاف مل سکے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جنتر منتر سے انڈیا گیٹ تک ہزاروں لوگوں نے انصاف کے لیے مارچ شروع کیا۔ آج ہماری تحریک کو پورا ایک ماہ ہو گیا ہے، لیکن ابھی تک ہمین انصاف ملنے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی ہے۔