سنت کبیر نگر، 15 مئی (یو این آئی) اتر پردیش کے سنت کبیر نگر ضلع کے ہمانشو سنگھ نے ساؤتھ ایشین آرم باکسنگ چیمپئن شپ میں پانچ تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
ہمانشو سنگھ نے پیدم اسٹیڈیم ماپوسا گوا میں 09 سے 11 مئی تک منعقدہ جنوبی ایشیا آرم باکسنگ چیمپئن شپ 2025 میں حصہ لیا۔ انہوں نے 51 کلوگرام ویٹ کلاس جونیئر کیٹیگری میں پانچ ایونٹس میں حصہ لیا جس میں فل باڈی کانٹیکٹ، ایمیچور باکسنگ، لو باڈی کانٹیکٹ، ٹچ کانٹیکٹ اور میوزیکل فارم شامل ہے۔ انہوں نے پانچ مقابلوں میں پانچ گولڈ میڈل جیت کر ہندوستان کا نام روشن کیا۔
آرم باکسنگ اسپورٹس فیڈریشن آف انڈیا کے جنرل سکریٹری نصیر الدین صدیقی نے کہا کہ ہمانشو کی اس کامیابی پر ہندوستانی ٹیم اور تمام لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ ہمانشو سنگھ ایشین چمپئن شپ اور ورلڈ چمپئن شپ میں شرکت کرکے ہندوستان کا نام روشن کریں گے۔
ہمانشو سنگھ سنت کبیر نگر ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں رسول پور کے رہنے والے بالکرشن سنگھ کے بیٹے ہیں۔ وہ بچپن سے ہی گورکھپور ضلع کے سہجنوا کے جی آئی ڈی اے سیکٹر 23 میں اپنے ماموں کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ ان کے والد ایک معروف پہلوان اور ترقی پسند کسان ہیں۔ ہمانشو سنگھ کی اس کامیابی پر پورے علاقے میں خوشی کا ماحول ہے۔