بھوپال 28اپریل: دنیا بھر میں ہر سال ڈے فارسیفٹی اینڈ ہیلتھ 28 اپریل کو ورلڈ ایٹ ورک منایا جاتا ہے تا کہ ملازمین کے لیے محفوظ، صحت مند اور باعزت کام کے ماحول کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ یہ دن نہ صرف صنعتی ترقی میں انسانی جانوں کی حفاظت پر زور دیتا ہے بلکہ کام کی جگہ پر مہذب رویے، احتیاطی تدابیر اور صحت مند پالیسیوں کی تشکیل کی اہمیت بھی یاد دلاتا ہے۔ بین الاقوامی محنت تنظیم (ILO) کی جانب سے 2003 میں اس دن کی بنیا د رکھی گئی، جس کا مقصد یہ تھا کہ عالمی سطح پر حکومتوں، اداروں اور کارکنوں کو اس بات پر متوجہ کیا جائے کہ وہ کام کی جگہوں پر حادثات اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
یہ دن مزدوروں کے عالمی یوم یادگار کے طور پر بھی منایا جاتا ہے، جہاں ان تمام محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے جو کام کے دوران زخمی ہوئے یا اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ آج کی تیز رفتار صنعتی دنیا میں کام کی جگہیں بعض اوقات انتہائی خطر ناک حالات کی عکاسی کرتی ہیں۔ مشیری، کیمیکل، ناقص وینٹیلیشن یا حفاظتی تدابیر کا نہ ہونا متعدد جان لیوا حادثات کا باعث بنتا ہے۔ اسی لیے اداروں پر لازم ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو نہ صرف تکنیکی تربیت فراہم کریں بلکہ ان کی جسمانی و چینی صحت کو بھی اولین ترجیح دیں۔ اسلام ایک ایسا دین ہے جو انسان کی حرمت اور حقوق کی حفاظت کرتا ہے۔ اللہ کے آخری پیغمبر حضرت محمد ﷺ نے فرمایا: تمہارے ملازمین تمہارے بھائی ہیں، جنہیں اللہ نے تمہارے ماتحت کیا ہے۔ پس جس کا بھائی اس کے ماتحت ہو، وہ اسے وہی کھلائے جو خود کھاتا ہے، اور وہی پہنائے جو خود پہنتا ہے، اور ان سے ان کی طاقت سے بڑھ کر کام نہ لے۔ اگر کوئی سخت کام ہو، تو اس میں ان کی مدد کرے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کام کی جگہ پر کارکنوں کو بھائیوں کی طرح سمجھا جائے، ان پر ظلم نہ کیا جائے، اور ان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔
ایک اور موقع پر نبی کریم ﷺ نے فرمایا: مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرو۔ یہ اسلامی اصول اس بات کی تاکید کرتے ہیں کہ کارکن کے ساتھ عدل، مہر بانی اور عزت کا برتاؤ کیا جائے۔
کا رکنوں کی حفاظت صرف اخلاقی یامذہبی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ قانونی تقاضا بھی ہے۔ ہر ادارے کو چاہیے کہ تمام ملازمین کو حفاظتی تربیت دے، ان کے لیے حفاظتی لباس، آلات، اور فرسٹ ایڈ دستیاب رکھے، ہنگامی حالات کے لیے ایگزٹ پلان اور فائر الارم نصب کرے، کارکنوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کی با قاعدہ جانچ کروائے، ملازمین سے مسلسل فیڈ بیک لے تا کہ مسائل کی بر وقت نشاندہی ہو۔ ورلڈ ڈے فارسیفٹی اینڈ ہیلتھ ایٹ ورک ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک محفوظ اور صحت مند کام کا ماحول ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ جب ہم دنیاوی قوانین اور اسلامی تعلیمات کو یکجا کرتے ہیں تو ایک ایسا معاشرہ جنم لیتا ہے جہاں ہر محنت کش کو تحفظ، عزت، اور فلاح کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس دن کا پیغام صرف ایک دن کے لیے نہیں بلکہ ہر دن کے لیے ہے تحفظ صحت اور انسانی وقار کو اولین ترجیح دی جائے۔ یہی ترقی کی اصل بنیاد ہے۔