لاؤڈرہل (امریکہ)، 28 مئی (یواین آئی) سائی تیجا ایم (73)، سمت پٹیل (41) اور سنجے کرشنامورتی (ناٹ آؤٹ 40) کی شاندار اننگز کے بعد جسدیپ سنگھ اور ہردیپ سنگھ (تین تین وکٹیں) کی بدولت امریکہ نے منگل کی رات ورلڈ کپ لیگ ٹو کے ون ڈے میچ میں عمان کو نو رن سے شکست دی۔فلوریڈا کے سینٹرل برووارڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری امریکہ کے لیے سمت پٹیل اور شیان جہانگیر کی اوپننگ جوڑی نے 69 رنز جوڑے۔ 11ویں اوور میں سفیان محمود نے شیان جہانگیر (37) کو آؤٹ کر کے عمان کو پہلی کامیابی دلائی۔ 16ویں اوور میں عامر نے سمت پٹیل (41) کو آؤٹ کر کے امریکہ کو دوسرا جھٹکا دیا۔ امریکہ نے مقررہ 50 اوورز میں کپتان مونانک پٹیل (26)، سائی تیجا ایم (73)، ہرمیت سنگھ (33) اور سنجے کرشنامورتی (ناٹ آؤٹ 40) وغیرہ کے تعاون سے آٹھ وکٹوں پر 293 رنز کا اسکور بنایا۔ عمان کی جانب سے سفیان محمود نے تین وکٹیں لیں۔ شکیل احمد اور عامر کلیم کو دو دو وکٹیں ملیں۔ سمے سریواستو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔امریکہ کے 293 رنز کے جواب میں بیٹنگ کے لیے اتری عمان کی شروعات خراب رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں عامر کلیم (پانچ) کی وکٹ گنوا دی۔ اس کے بعد مجیب الرحمن نے کپتان جتندر سنگھ کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔