بھوپال 10فروری: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاستی حکومت تمام کسانوں اور ماہی گیروں کی اقتصادی خوشحالی کے لیے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ مدھیہ پردیش زرعی پیداوار میں ملک کی ایک سرکردہ ریاست ہے، اس کے ساتھ ساتھ ہمیں مچھلی کی پیداوار میں بھی سرگرمی سے کام کرتے ہوئے آنے والے برسوں میں اسے دوگنا کرنے کی سمت میں قدم بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ماہی پروروں کی فلاح و بہبود کے لیے پْرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے ریاست میں مچھلی پروری کے ساتھ ساتھ ایکوا کلچر کے شعبے میں بھی کام کیا جائے۔ ریاست میں ایسا ایکو سسٹم تیار کیا جائے جس سے ماہی گیروں کو اقتصادی طور پر مضبوط بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے منگل کو وزارت میں منعقدہ مچھوا فلاح اور ماہی پروری ترقی محکمہ کی جائزہ میٹنگ میں افسران کو یہ ہدایات دیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت کسان بہبود کے لیے وقف کرتے ہوئے اس سال کو منا رہی ہے۔ مدھیہ پردیش کو ماہی پروری کے شعبے میں ملک کی نمبر ایک ریاست بنانے کے لیے عملی منصوبہ تیار کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مچھوا کانفرنس کا انعقاد کر کے ماہی پروری میں بہتر کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ بیج کی پیداوار بڑھانے کی سمت میں کام کیا جائے۔ ریاست میں چل رہے ماہی فیڈریشن کے منظم استعمال کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے میٹنگ میں دی۔ انہوں نے کہا کہ کم زیرِ زمین پانی والے اضلاع میں فارم پونڈ ماڈل کے ذریعے مچھلی کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے ایک ضلع کو ماڈل کے طور پر تیار کیا جائے، جہاں مچھلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ سنگھاڑا، کمل گٹّا، مکھانا اور دیگر ایکوا کلچر پر مبنی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کو جائزہمیٹنگ میں محکمہ جاتی افسران نے آگاہ کیا کہ ریاست میں مچھلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے مدھیہ پردیش کیج کلچر پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔اس کے تحت 10 ہزار کیج مستفیدین پر مبنی اسکیم میں اور 90 ہزار کیج کاروباری ماڈل کے تحت تیار کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ مچھوا سمردھی یوجنا کے تحت کیے جا رہے کاموں کے بارے میں بھی افسران نے تفصیل سے معلومات فراہم کیں۔
میٹنگ میں بھوپال میں مجوزہ خصوصی منصوبہ انٹیگریٹڈ ایکوا پارک اینڈ ریسرچ سینٹر کے بارے میں بھی معلومات دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ڈویڑن کی سطح پر مچھلی گھر قائم کرنے کے لیے عملی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کی محکماتی اسکیموں کی پیش رفت، کسان کریڈٹ کارڈ کی صورتحال، وزیر اعظم متسیہ سمپدا یوجنا، وزیر اعلیٰ مچھوا سمردھی یوجنا، مرکزی حکومت کی منظور شدہ خصوصی اسکیموں، کیج کلچر اندرا ساگر آبی ذخیرہ، ٹیکنالوجی ڈیفیوزن سینٹر، ریزروائر کلسٹر پر مبنی ماہی پروری اور مربوط مچھلی گھر و تحقیقی مرکز کا اجلاس میں جائزہ لیا۔ اس موقع پر مچھوا فلاح اور ماہی پروری ترقی کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) مسٹر نارائن سنگھ پونوار، چیف سیکریٹری مسٹر انوراگ جین، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (وزیر اعلیٰ دفتر) مسٹر نیرج منڈلوئی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری مسٹر اشوک برنوال سمیت محکمہ جاتی افسران موجود تھے۔