ممبئی، 22 اگست (یو این آئی) آئی سی سی نے خواتین ون ڈے ورلڈ کپ کا نیا شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق بنگلورو کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم سے میزبانی واپس لے لی گئی ہے۔ 30 ستمبر سے شروع ہونے والے خواتین ورلڈ کپ کے لیے بنگلورو کی جگہ نوی ممبئی کا ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم ہندوستان کا چوتھا میزبان مقام ہوگا۔ میچوں کی میزبانی کے لیے پولیس کی منظوری حاصل کرنے کے لیے بی سی سی آئی کے ذریعہ کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) کو بار بار دیئے گئے مقررہ وقت کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے بنگلورو میں کھیلے جانے والے خاتون عالمی کپ میچوں کو ممبئی میں منقتل کردیا گیاہے۔ بی سی سی آئی نے جمعہ کے روز تمام شریک ممالک کو اس سلسلے میں تازہ ترین معلومات سے آگاہ کردیا ہے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کی تاریخیں وہی رہیں گی (30 ستمبر سے 2 نومبر)۔ بی سی سی آئی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نیا پروگرام بھی جاری کر دیا ہے۔ اندور، ویزاگ اور گوہاٹی کے ساتھ نوی ممبئی کو چوتھاہندوستانی میزبان بنایا گیا ہے۔ پاکستان سے متعلق تمام میچ اور پہلے سیمی فائنل کی میزبانی سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کو ملی ہے۔جون میں آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان کرتے وقت بنگلورو کو پانچ میزبان مقامات میں شامل کیا تھا۔ ہندوستان کے ابتدائی میچ کے علاوہ بنگلورو کو 30 اکتوبر کو ایک سیمی فائنل اور ممکنہ طور پر 2 نومبر کو فائنل کی میزبانی بھی کرنی تھی (اگر پاکستان فائنلسٹ میں شامل نہ ہوتا)۔
بی سی سی آئی کو یہ فیصلہ اسی سال 4 جون کو کرنا پڑا تھا، جب گھریلو ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) نے پہلی بار آئی پی ایل جیتا اور اسٹیڈیم کے اردگرد بھگدڑ مچ گئی، جس کے بعد اسٹیڈیم کو بڑے ایونٹس کے لیے “غیر محفوظ” قرار دیا گیا۔کرناٹک حکومت کی طرف سے مقررہ ایک رکنی کمیٹی نے اسٹیڈیم کو بڑے پیمانے کے ایونٹس کے لیے “غیر محفوظ” قرار دیا، جس کے بعد کرناٹک پولیس نے کے ایس سی اے کو وہاں کوئی بھی میچ کرانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔اسی وجہ سے کے ایس سی اے کو مہاراجہ ٹی20 کو بنگلورو سے میسور منتقل کرنا پڑا۔









