جوہانسبرگ، 20 جنوری ( یو این آئی ) ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم اپریل میں ہندوستان کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی اس اہم سیریز کے پہلے دو مقابلے 17 اور 19 اپریل کو ڈربن میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد اگلے دو میچز 22 اور 25 اپریل کو جوہانسبرگ میں منعقد ہوں گے، جبکہ سیریز کا آخری ٹی 20 میچ 27 اپریل کو بینونی میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستان سے مقابلے سے قبل جنوبی افریقی ٹیم فروری مارچ میں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلے گی اور اس کے بعد مارچ اپریل میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔ ہندوستانی خواتین ٹیم فروری مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ملٹی فارمیٹ سیریز کھیلے گی، جس کے بعد وہ جنوبی افریقہ روانہ ہوگی۔ جنوبی افریقہ سے واپسی پر بھارتی ٹیم مئی کے آغاز میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔









