نئی دہلی، 09 جون (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کے 11 سال میں ملک نے 140 کروڑ لوگوں کی اجتماعی شراکت داری سے بہترحکمرانی کی طاقت سے مختلف شعبوں میں تیزی سے تبدیلی دیکھی ہے، جس سے تیزی سے ترقی ہوئی اور ’زندگی میں آسانیاں ‘ پیداہوئیں ۔
مسٹر مودی نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے 11 سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سلسلہ وار پوسٹس میں کہا کہ ہندوستان نہ صرف تیزی سے بڑھتی ہوئی بڑی معیشت بن گیا ہے، بلکہ موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل اختراع جیسے اہم معاملے میں ایک نمایاں عالمی آواز بھی بن گیا ہے۔واضح رہے کہ 2014 میں این ڈی اے حکومت کے مرکز میں اقتدار میں آنے کے بعد جناب مودی نے پہلی بار وزیراعظم کے طور پر حلف لیا تھا۔ وزیراعظم کے طور پر ان کے 11 سالہ مکمل ہونے کے موقع پر مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سلسلہ وار پوسٹس میں کہا، ’’ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس‘‘ کے اصول سے متاثر ہو کر این ڈی اے حکومت نے تیزی سے اور حساسیت کے ساتھ انقلابی تبدیلیاں کی ہیں۔جناب مودی نے کہا کہ معاشی ترقی سے لے کر سماجی ترقی تک، حکومت نے لوگوں پر مرکوز، جامع اور ہمہ جہت ترقی کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج نہ صرف تیزی سے بڑھتی ہوئی بڑی معیشت ہے، بلکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات اور ڈیجیٹل جدت جیسے اہم امور پر ایک نمایاں عالمی آواز بھی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو اپنی اجتماعی کامیابی پر فخر ہے لیکن اس کے ساتھ ہی، ہم امید اور اعتماد کے ساتھ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گزشتہ 11 سالوں میں کئی مثبت تبدیلیاں آئی ہیں اور زندگی کی آسانیو ں کو فروغ ملا ہے۔