میلان،10 فروری (یواین آئی ) اٹلی میں جاری سرمائی اولمپکس 2026ء میں خواتین کے آئس ہاکی مقابلوں میں روایتی حریف امریکہ اور دفاعی چیمپئن کناڈا کی حکمرانی برقرار ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست ہیں، جبکہ میزبان اٹلی اور جرمنی نے بھی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔میلان کے پالاٹالیا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ اے کے ایک اہم میچ میں امریکی ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا۔ امریکہ نے سوئٹزرلینڈ کو 0-5 کے بڑے فرق سے شکست دی۔کیرولین ہاروی اور جوئے ڈن نے ایک ایک گول کرنے کے علاوہ دو دو ‘اسسٹ’ بھی کیے۔ الیکس کارپنٹر نے بھی ایک گول اور ایک اسسٹ کے ساتھ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔امریکا 3 میچز میں 3 فتوحات کے ساتھ گروپ میں سرفہرست ہے۔دفاعی چیمپئن کینیڈا نے بھی اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے جمہوریہ چیک کو 1-5 سے ہرا کر ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی۔ اس جیت کے ساتھ کینیڈا گروپ اے میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔گروپ اے میں اب سب کی نظریں امریکہ اور کناڈا کے درمیان ہونے والے بڑے مقابلے پر جمی ہوئی ہیں۔ یہ دونوں ٹیمیں گزشتہ 7 اولمپک فائنلز میں سے 6 بار ایک دوسرے کے مدِ مقابل آ چکی ہیں۔کناڈا نے ان فائنلز میں 5 جبکہ امریکا نے 2 بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔









