نئی دہلی 23نومبر: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ سرحد کبھی بھی بدل سکتی ہے اور ممکن ہے کہ سندھ دوبارہ ہندوستان کا حصہ بن جائے۔ وہ اتوار کو سندھی برادری کے ایک پروگرام میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوسان کی تقسیم کے سبب سندھُو ندی کا ایک بڑا حصہ آج پاکستان میں چلا گیا ہے۔ پورا سندھ صوبہ ہی آج پاکستان میں ہے۔ مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ سندھو، سندھ اور سندھی سماج کی اہمیت ہمارے لیے کم ہو گئی ہے۔ ہمارے لیے ان کی اہمیت آج بھی وہی ہے جو ہزاروں سال سے رہی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ سال 2005 میں سپریم کورٹ نے ہمارے قومی ترانے سے ’سندھ‘ لفظ نکالنے کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس لفظ کو صرف ایک جغرافیائی مقام کے طور پر نہ دیکھا جائے، کیونکہ یہ لفظ ہندوستان اور سندھی سماج کی ثقافتی شناخت سے جڑا ہوا ہے ۔ وزیرِ دفاع نے سندھی سماج کو ہندوستان کی ثقافتی پہچان اور وقار کا نشان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج جب ہم سندھی سماج کی بات کرتے ہیں تو ہم صرف ایک برادری کی بات نہیں کرتے بلکہ ایک ایسی وراثت کی بات کرتے ہیں جو سناتن دھرم کا اٹوٹ حصہ ہے، جس کی جڑیں بھگوان رام سے جڑی ہوئی ہیں اور جس نے ہماری تہذیب و ثقافت کو مالا مال کرنے میں قیمتی کردار ادا کیا ہے۔
اٹاوہ:23 نومبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع اٹاوہ کے ویدپورا علاقے میں ایک بس کے مدر ڈیری کے مرکزی گیٹ سے ٹکرانے کے نتیجے میں 33 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں مدر ڈیری کے دو گارڈ بھی شامل ہیں۔









