اونٹاریو (کینیڈا) سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی کدامبی سری کانت نے وانگ پو وی کے خلاف شاندار جیت درج کر کے کینیڈا اوپن 2025 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلے کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کرلی ہے۔جمعرات کو مارکھم پین ایم سینٹر میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں کدامبی نے چین کے تائپے کے وانگ پو-وی کے خلاف 21-19، 21-14 سے جیت کر ٹورنامنٹ کے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔
تقریباً 41 منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ میں ایک موقع پر ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی 18-13 سے پیچھے تھے، پھر انہوں نے کھیل میں واپسی کی اور پہلا گیم جیت لیا۔ سری کانت دوسرے گیم میں بھی 13-10 سے پیچھے تھے لیکن ایک مرتبہ پھر انہوں نے کھیل میں واپسی کی اور گیم اور میچ جیت لیا۔سری کانت کا مقابلہ کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ اور چینی تائپے کے اولمپیئن چو ٹائین چن سے ہوگا۔سری کانت کے ہم وطن اور دنیا کے 57 نمبر کے کھلاڑی شنکر سبرامنیم بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ انہوں نے چینی تائپے کے ہوانگ یو کائی کو 21-19، 21-14 سے شکست دی۔ شنکر سبرامنیم کا مقابلہ اگلے راؤنڈ میں اولمپین اور عالمی نمبر 12 کھلاڑی جاپان کے کینتا نشیموتو سے ہوگا۔ادھر بی ڈبلیو ایف سپر 300 ٹورنامنٹ میں ہندوستانی کھلاڑی شریانشی والیشیٹی بھی خواتین کے سنگلز میں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ خواتین کی سنگلز رینکنگ میں 75 ویں نمبر پر موجود شریانشی والیشیٹی نے ملائیشیا کی عالمی نمبر 45 کھلاڑی لیٹشنا کروپاتھاون کو 35 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 21-15، 21-14 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ ڈنمارک کی عالمی نمبر 69 کھلاڑی ایملی شولز سے ہوگا۔