بھوپال:9؍مئی: مولانا قاضی سید مشتاق علی ندوی ( قاضی شہر بھوپال) کی سرپرستی اور نائب قاضی شہر بھوپال مولانا مفتی سید علی قدر حسینی کی نگرانی میں 10 روزہ حج تربیتی کیمپ مسجد بیت المکرم نو بہار سبزی منڈی بھوپال میں منعقد کیا گیا۔ جس میں ماسٹر ٹرینر حج 2024 مدھیہ پردیش راجیہ حج کمیٹی مفتی محمد فیاض نے بہت ہی آسان طریقے پر مکہ مکرّمہ کے آداب ،مدینہ منورہ کے آداب اور حج کے فرائض و واجبات حج و عمرہ کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور حج اور عمرہ کی مخصوص دعائیں بھی یاد کروائیں، ساتھ ہی حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری ہدایات سے بھی حجاج کرام کو آگاہ کیا گیا۔ آخری مجلس 8 مئی کو تھی جس میں قاضی صاحب تشریف لائے اور انہوں نے حجاج کرام کو مبارکباد دی اور فرمایا کہ آپکی ساری دعائیں اللہ تعالیٰ قبول فرماتے ہیں، اس لیے جب آپ مکہ میں طواف کرتے ہوئے دعا مانگیں تو حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا ضرور مانگیں، جسکا تذکرہ اللہ نے سورہ ابراہیم میں کیا ہے، آپنے فرمایا کہ سفر حج اصل میں سفر آخرت ہے، تاکہ حاجی اس سفر سے آخرت کی تیاری کر لے اور اپنے رب کو راضی کر لے ۔آخر میں قاضی صاحب نے اپنے شہر، اپنے صوبے اور اپنے ملک میں امن و امان قائم رہے اسکے لیےخاص طور پر دعاء کی اور ٹریننگ کا اختتام ہوا اور شرکاء نے انتظامیہ کمیٹی اور خاص کر مفتی فیّاض صاحب کو دعا ؤں سے نوازا۔