1857 کی جنگ آزادی صرف ایک لڑائی نہ تھی، یہ ایک تہذیبی بحران کا نام تھا۔ اور اس بحران کی ایک خاموش، باوقار اور صابر نمائندہ تھیں—بیگم زینت محل۔ بہادر شاہ ظفر کی شریکِ حیات، مگر محض ایک شاہی بیگم نہیں—بلکہ تاریخ کے اوراق میں چھپتی ہوئی ایک ایسی آواز، جو آج بھی ہمیں بہت کچھ سکھاتی ہے۔
بیگم زینت محل 1823 میں دہلی میں پیدا ہوئیں، اور بادشاہ وقت بہادر شاہ ظفر کی زوجہ بنیں۔ ان کی سیاسی بصیرت نے اُنہیں محض ایک عام خاتون نہیں رہنے دیا۔ اُنہوں نے اپنے بیٹے مرزا جواں بخت کو ولی عہد بنانے کی کوشش کی، جو شاہی خاندان کے اندرونی خلفشار کا باعث بنی، مگر یہ بھی سیاست کا ایک حصہ تھا—اور وہ سیاست محبت، مصلحت اور مفاہمت کی سیاست تھی، نہ کہ نفرت اور انتقام کی۔1857 کے بعد جب پورا دہلی خاکستر ہوا، بہادر شاہ ظفر کی سلطنت ختم ہوئی، زینت محل کو بھی انگریزوں کے ہاتھوں رنگون (برما) جلاوطن ہونا پڑا۔ وہیں اُنہوں نے 17 جولائی 1886 کو وفات پائی۔ ان کے یوم وفات پر آج بھی یہ سوال گونجتا ہے کہ کیا ان کی قربانی بس تاریخ کی کتابوں میں دفن ہو گئی؟ یا آج بھی اس کا کوئی عکس زندہ ہے؟
آج بھی بیشمار ”زینت محل” ہمارے آس پاس موجود ہیں جن کی فکر ہم سب کو کرنا ہے۔تعلیم سے محروم، وقار سے محروم، سیاسی نمائندگی سے محروم۔ان کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کیسے ممکن ہو اس کی جدوجہد کرنا ہی بیگم زینت محل کی خدمات کا اعتراف ہوگا۔ آج بھی ہمیں اپنی بیٹیوں کو وہ مقام دینے کی ضرورت ہے جو زینت محل نے اپنے بیٹے کے لیے چاہا تھا۔ اقتدار نہیں، عزت اور سلامتی۔۔
اگر بات کریں بہادر شاہ ظفر کی تو ان کے آخری ایّام محض ایک زوال پذیر سلطنت کا انجام نہیں، بلکہ ایک ایسی شخصیت کا امتحان تھے جو شکست کے باوجود اپنے وقار، شاعری اور صوفیانہ مزاج کے ساتھ زندہ رہے۔ جب لال قلعہ کی دیواریں خاموش ہو گئیں، جب دربار اجڑ گیا، تو ظفر نے اپنی تنہائی کو قلم کا سہارا دے کر امر کر دیا۔ رنگون کی جلاوطنی اُن کے جسم کے لیے قید تھی، مگر اُن کا کلام لازوال بن گیا۔ اُن کے اشعار، جن میں ’’دو گز زمین بھی نہ ملی کوئے یار میں‘‘ جیسا نوحہ بھی شامل ہے، آج بھی ہر حساس دل کو چھو لیتے ہیں۔ بیگم زینت محل نے اس دکھ کو صرف بیوی بن کر نہیں، بلکہ تہذیب کی آخری امین بن کر جھیلا۔ وہ ایک ایسی شاہی خاتون تھیں، جنہوں نے محلوں سے کوٹھڑیوں تک کا سفر خاموشی، صبر اور غیرت کے ساتھ طے کیابغیر کسی شکوہ شکایت کے۔
زینت محل کا کردار ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ سیاست صرف کرسی کا نام نہیں۔ اُن کی وفا، اُن کا ضبط، اُن کی خاموش مزاحمت ہمیں بتاتی ہے کہ سیاست میں محبت اور اصول بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔ آج کی سیاست نفرت کی بنیاد پر ووٹ مانگتی ہے، زینت محل کی سیاست قربانی اور وقار کی بنیاد پر کھڑی تھی۔ یہ پیغام آج کے ہر سیاسی کارکن، لیڈر، اور ووٹر کو یاد رکھنا چاہیے۔بیگم زینت محل کے یوم وفات پر صرف ان کو یاد کر لینا کافی نہیں۔ ہمیں اُن کی زندگی سے سبق حاصل کرتے ہوئے خود سے سوال پوچھنا چاہئے کہ کیا ہماری تہذیب آج محفوظ ہے؟کیا ہماری خواتین بااختیار ہیں؟ کیا معاشرے کے پسماندہ طبقات بھی اپنے بنیادی حقوق پا رہے ہیں ؟ کیا ہم آج بھی طاقت کے سامنے سر جھکا کر انصاف کی قربانی دے رہے ہیں؟
بیگم زینت محل کا ذکر، ایک شخصیت کی موت نہیں،بلکہ ایک سوال ہے جو ہر با ضمیر انسان سے پوچھتا ہے:’’جب دلوں پر زوال آ جائے، تو کیا محل باقی رہتے ہیں؟‘‘