نئی دہلی، 02 جولائی (یواین آئی) ہندوستان کی مکسڈ ڈس ایبلڈ کرکٹ ٹیم نے پہلی بار لارڈز کے میدان پر میچ کھیل کر اس ہفتے تاریخ رقم کی۔فی الوقت جاری سیریز کا یہ میچ اُس ٹیم کے ساتھ کھیلا گیا جو گزشتہ تقریباً آٹھ برسوں سے مکسڈمعذور کرکٹ کھیل رہی ہے۔اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہندوستان نے عالمی سطح پر اس فارمیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا ہے۔اس موقع پر غیر منافع بخش تنظیم ‘سویَم’ کی بانی صدر سمینو جندل کو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی ) کی جانب سے تقریب کے مقام پر سات کرکٹ بورڈز کے عہدیداروں کے سامنےاپنے خیالات کا اظہار کرنے کی دعوت دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ “سویَم” رواں سال نومبر میں “ایکسس ایبل اسپورٹس اینڈ ٹورازم” پر ہندوستان کے پہلے قومی کانفرنس کا انعقاد بھی کرے گا۔
اس کانفرنس میں پالیسی، کھیل، مہمان نوازی اور معذوری سے جُڑے نمائندے شرکت کریں گے اور اپنے خیالات پیش کریں گے۔محترمہ جندل نے کہا، لارڈز میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ اتفاقی نہیں بلکہ علامتی ہے۔ اس میدان نے کرکٹ کے بہترین لمحات دیکھے ہیں۔یہ ٹورنامنٹ ڈس ایبلٹی کرکٹ کونسل آف انڈیا (ڈی سی سی آئی) کی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے، جس نے جسمانی، ذہنی اور سماعت سے محروم کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔









